موسمی تبدیلی کے منفی اثرات سے متعلق عوام میں شعور بیداری مہم

   

چیف سکریٹری سنجے جاجو کی ہدایت، برقی اور پانی حکومت کی اولین ترجیح
حیدرآباد۔23 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے عالمی سطح پر ایل نینو کے اثرات سے نمٹنے کے مسئلہ پر عوامی شعور بیداری پر زور دیا اور کہا کہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے عوام کو پہلے سے باخبر بنایا گیا تاکہ برقی اور پانی کے استعمال میں ہدایت کریں۔ محکمہ اطلاعات کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں ایل نینو کے مختلف شعبہ جات پر منفی اثرات اور عوامی صحت کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف سکریٹری نے ریاست گیر سطح پر موثر انداز میں شعور بیداری مہم کی ہدایت دی اور کہا کہ گاؤں اور ٹاؤن کی سطح پر اس مہم میں سرکاری اداروں کو اہم رول ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے علاوہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ شعور بیداری مہم چلائی جائے۔ مختلف تہذیبی پروگراموں کے ذریعہ عوام کو احتیاطی تدابیر سے واقف کرایا جاسکتا ہے۔ سنجے جاجو نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات حکومت کی اس مہم میں شامل ہوتے ہوئے ایل نینو کے اثرات میں کمی کو یقینی بناسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں معمول سے 20 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں زرعی سرگرمیوں پر اثر پڑا ہے۔ ذخائر آب میں پانی کی سطح 30 تا 40 فیصد گھٹ چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پینے کے پانی اگور برقی کی سربراہی پر توجہ مرکز کرچکی ہے۔ سنجے جاجو نے کہا کہ موسم گرما میں عوام کو زائد پانی کا استعمال کرنا چاہئے اور دوپہر کے وقت گھروں میں قیام کو ترجیح دی جائے ۔ ایل نینو کے تحت درجہ حرارت میں اضافہ کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعور بیداری کے ذریعہ عوام کو اس صورتحال سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں کمشنر اطلاعات ڈاکٹر جی مکند ریڈی ، ڈائرکٹر کلچر اے نرسمہا ریڈی اور محکمہ اطلاعات کے دیگر عہدیدار شریک تھے۔ 1/k/m/b