موسم گرما میں حیدرآباد میں پانی کی موثر سربراہی: پونم پربھاکر

   

فون ٹیاپنگ کے ذمہ دار آر ڈی او کے خلاف چیف سکریٹری سے شکایت، بی آر ایس کا عنقریب صفایا
حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) ریاستی ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے ہنمکنڈہ آر ڈی او کے خلاف چیف سکریٹری شانتی کماری سے شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی او نے ان کے فون کال ریکارڈ کرتے ہوئے اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو روانہ کیا ہے۔ انہوں نے آر ڈی او کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں سابق بی آر ایس حکومت کی جانب سے اپوزیشن قائدین کے فون ٹیاپنگ معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ اسی دوران پونم پربھاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کا صفایا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے کئی عوامی نمائندے کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار ہیں۔ لوک سبھا چناؤ میں اصل مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان رہے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ جو حیدرآباد کے انچارج وزیر بھی ہیں کہا کہ حیدرآباد میں پانی کی سربراہی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ حیدرآباد کیلئے سنگور سے 18 فیصد، گوداوری سے 35 فیصد، کرشنا سے 45 فیصد اور عثمان ساگر سے 4 فیصد پانی حاصل کیا جارہا ہے۔ ناگرجنا ساگر میں 510 فیٹ پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔ ضرورت پڑنے پر بوسٹر پائپ کے ذریعہ پانی حاصل کیا جائے گا۔ ایلم پلی ذخیرہ آب سے 3 ٹی ایم سی پانی حیدرآباد کو سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی بسوں میں خواتین کیلئے مفت سفر کی سہولت کے بعد سے تقریباً 30 کروڑ خواتین نے سفر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے پر بدعنوانیوں کے الزامات کے باوجود بی جے پی نے کوئی کارروائی نہیں کی۔1