موسیٰ ندی پراجکٹ کے متاثرین کو ڈبل بیڈروم مکان اور مناسب معاوضہ

   

وزیر ہاؤزنگ سرینواس ریڈی کا جائزہ اجلاس، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بازآبادکاری کا تیقن
حیدرآباد ۔29 ۔ جون (سیاست نیوز) وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کے سلسلہ میں کسی شخص سے ناانصافی نہیں کی جائے گی۔ سرینواس ریڈی نے پراجکٹ کیلئے اراضی کے حصول کے سلسلہ میں عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اراضی حوالہ کرنے والے افراد کو حکومت کی جانب سے مناسب معاوضہ اور بازآبادکاری کی جائے گی۔ انہوں نے مکانات سے محروم خاندانوں کو ڈبل بیڈروم مکان الاٹ کرنے کا اعلان کیا۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ اراضی سے محروم افراد کو معاوضہ کے علاوہ ان کی بازآبادکاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی پراجکٹ کی تکمیل کے بارے میں سنجیدہ ہیں تاکہ اس تاریخی ندی کو آلودگی سے پاک بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی اور سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ اس پراجکٹ کا بنیادی مقصد ہے۔ موسیٰ ندی کی صفائی کے ذریعہ حیدرآباد کو ایک نئی زندگی حاصل ہوگی اور آلودگی کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے معیار زندگی میں اضافہ ہوگا سرینواس ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اراضی کے حصول کا عمل تیز کریں اور عوام کو حکومت کے بازآبادکاری منصوبہ سے واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کی تکمیل سے حیدرآباد ایک سیاحتی مرکز کے طور پر ابھرے گا اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ندی کے اطراف بسنے والے خاندانوں کو بارش کی صورت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کا مقصد عوام کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ انہیں مکان اور معاوضہ دیا جائے گا۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عوام متاثرین کے حق میں فیصلہ کرے گی۔ سرینواس ریڈی نے ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کے سلسلہ میں ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں حکومت قانونی جدوجہد کیلئے تیار ہے۔1/k