حیڈرا کے خلاف غیر ضروری مہم، ایل بی نگر میں شجرکاری ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔18 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے رنگا ریڈی ضلع کے ایل بی نگر اسمبلی حلقہ میں گرم گوڑہ ایکو پارک میں ونا مہا اتسوم 2026 میں حصہ لیتے ہوئے شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ وزیر جنگلات کنڈا سریکھا ، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو اور ضلع کے عوامی نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حیدرآباد اور اس کے اطراف کے علاقوںکی جامع ترقی کیلئے حکومت کے منصوبہ سے واقف کرایا اور کہا کہ حیدرآباد کو آلودگی سے پاک شہر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ دہلی کے حالات سے شہر کو بچایا جاسکے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایل بی نگر اسمبلی حلقہ سے انہیں قلبی لگاؤ ہے۔ 2018 کے اسمبلی انتخابات میں ایک سازش کے تحت کوڑنگل اسمبلی حلقہ سے شکست سے دوچار کیا گیا۔ اس وقت انہوں نے ملکاجگری لوک سبھا سے مقابلہ کیا اور ایل بی نگر کے رائے دہندوں نے بھرپور تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ ایل بی نگر اسمبلی حلقہ سے انہیں 30,000 ووٹوں کی اکثریت حاصل ہوئی تھی۔ چیف منسٹر نے ایل بی نگر اسمبلی حلقہ کی ترقی کیلئے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ اس حلقہ میں کانگریس پارٹی کا موقف مستحکم ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایل بی نگر کے کئی علاقوں میں ترقیاتی کاموں پر عمل آوری باقی ہے۔ چیف منسٹر نے سرکاری اراضیات اور جھیلوں اور تالابوں پر غیر مجاز قبضوں کی صورت میں سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کئی جھیلوں اور تالابوں کا حیڈرا کے ذریعہ تحفظ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیڈرا کی کارروائیاں صرف غیر مجاز تعمیرات تک محدود ہے اور اپنی اراضی پر مکانات کی تعمیر کی صورت میں کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں آلودگی کی صورتحال سنگین ہے۔ وہ حیدرآباد کو آلودگی سے پاک شہر بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ موسیٰ ندی ترقی پراجکٹ اسی مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کے تحفظ کے ذریعہ سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 30 ہزار ایکر پر بھارت فیوچر سٹی کے قیام سے رنگا ریڈی ضلع کی ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر حیڈرا کو خوف کی علامت کے طورپرپیش کر رہے ہیں جبکہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروئی کیلئے حیڈرا کا قیام عمل میں آیا ہے۔ جھیلوں پر قبضوں کے نتیجہ میں پانی کا بہاؤ تبدیل ہوکر بستیوں میں داخل ہورہا ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ حکومت موسیٰ ندی کی صفائی اور جھیلوں پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ترقیاتی کاموں میں حکومت سے تعاون کریں۔1/k/m/b