مولانا آزاد اردو یونیورسٹی طلبہ میں ایک کروڑ روپئے کی اسکالرشپ کی تقسیم

   

امریکہ کے سیڈ فاؤنڈیشن اور قرآن فاؤنڈیشن کا اقدام، پروفیسر عین الحسن نے اظہار تشکر کیا
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے طلبہ میں دی قرآن فاؤنڈیشن اور سیڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک کروڑ روپئے مالیتی اسکالرشپ تقسیم کی گئی۔ وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن نے سیڈ فاؤنڈیشن اور دی قرآن فاؤنڈیشن سے اظہار تشکر کیا کہ یونیورسٹی کے مستحق طلبہ کیلئے اسکالرشپ جاری کی گئی۔ انہوں نے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حصول تعلیم کیلئے مالیہ کی کمی کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے۔ طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ حصول علم کے متعلق اپنی ذمہ داری کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں۔ پروفیسر عین الحسن نے طلبہ پر زور دیا کہ سخت محنت اور نظم و ضبط کا خیال رکھیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں سال 2025 کیلئے مستحق طلبہ میں ایم سی ایم اسکالرشپ تقسیم کی گئی جو ایک کروڑ روپئے پر مشتمل ہے ۔ امریکہ کے ادارہ سیڈ فاؤنڈیشن اور دی قران فاؤنڈیشن نے اس کا اہتمام کیا ہے۔ پروفیسر سید علیم اشرف جائسی نے بتایا کہ اسکالرشپ کیلئے 2897 طلبہ نے درخواستیں داخل کیں جن میں 1000 طلبہ کا انتخاب میرٹ کم مینس اسکیم کے تحت کیا گیا۔ اسکالرشپ حاصل کرنے والوں میں 697 طلبہ اور 303 طالبات شامل ہیں۔ 675 طلبہ حیدرآباد کیمپس میں زیر تعلیم ہیں جبکہ 335 طلبہ مختلف کیمپس سے تعلق رکھتے ہیں۔ جن طلبہ کو اسکالرشپ جاری کی گئی ان میں 132 حفاظ کرام، 417 مدرسہ سے تعلیم یافتہ اور 101 طلبہ لاء ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھتے ہیں۔ پروفیسر اشتیاق احمد رجسٹرار، سید مظہرالدین حسینی سیڈ فاؤنڈیشن اور محترمہ مہ پارہ علی سابق مینجر ایس بی آئی اور دوسرے موجود تھے۔ ڈائرکٹر سید فاؤنڈیشن نے طلبہ کو محنت اور لگن سے کام کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ فاؤنڈیشن گزشتہ تین برسوں سے اسکالرشپ جاری کر رہا ہے ۔ آئندہ سال سے سنٹر فار ڈسٹنس آن لائین ایجوکیشن کے طلبہ بھی اسکالرشپ حاصل کرسکیں گے۔1