مولانا سید محمد صدیق حسینی کا جسد خاکی سپرد خاک

   

سینکڑوں افراد بشمول علماء، سیاسی قائدین کی شرکت

حیدرآباد۔9اگسٹ(سیاست نیوز) نبیرۂ حضرت سیدنا یحییٰ پاشاہ قادری ؒمولاناسیدمحمد صدیق حسینی عارف المعروف پاشاہ میاں صاحب کے انتقال کی خبر کے ساتھ ہی دونو ںشہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع سے اہم شخصیتوں کی بڑی تعداد بارگاہ حضرت خواجہ محبوب اللہ ؒ پہنچ کرپسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ نماز جنازہ مسجد نور قاضی پورہ میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی نہ صرف مسجد میں بلکہ گلی کوچوں کے علاوہ مسجد کے اطراف و اکناف کے مکانوں میں بھی ہوئی ۔ مولانا سید محمد صدیق حسینی عارفؒ کے سانحہ ارتحال کی اطلاع کے ساتھ ہی مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ‘ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ جامعہ نظامیہ وہ سجادہ نشین درگاہ حضرت شاہ خاموش ؒ ‘ مولانامفتی صادق محی الدین فہیم‘ مولانا سید ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ سجادہ نشین قادری چمن‘ مولانا سید شاہ قبول بادشاہ قادری شطاری‘ مولانا سید شاہ اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ قادری‘ مولانا سید ظہیرالدین علی صوفی‘ جناب ممتاز احمد خان رکن اسمبلی چارمینار‘ جناب سیداحمد پاشاہ قادری رکن اسمبلی یاقوت پورہ‘ شیوخ جامعہ کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا۔مسجد نور میں نماز جنازہ حضرت قبلہ کے بردار حضرت مولانا سید ابو عبداللہ حسینی المعروف حکیم شہنشاہ قادری نے پڑھائی ۔ بعد ازاں ریاض مدینہ مصری گنج میں تدفین سے قبل نمازہ جنازہ مولانا خواجہ علی سعید مدنی نے پڑھائی۔ نماز جنازہ اور پرسہ دینے والوں میں مریدین ‘ معتقدین ‘ متوسلین کے علاوہ سیاسی قائدین ‘ مختلف درگاہوں اور خانقاہوں کے ذمہ دارشامل تھے۔ درگاہ حضرت خواجہ محبو اللہ ؒ پہنچ کر جسد خاکی کا دیدار کرنے والوں نے نامزد سجادہ نشین سید حسن محی الدین خواجہ میاں سے ملاقات کی اور پرسہ دیا۔ فاتحہ سیوم ریاض مدینہ مصری گنج میں 12 اگسٹ بروز جمعرات بعد نماز عصر مقرر ہے۔قبل ازیں نامزد سجادہ نشین کی دستار بندی عمل میں آئے گی۔