موٹر سائیکلوں کا سرقہ کرنے والی شاطر ٹولی بے نقاب

   

تین ملزمین گرفتار ، سی سی ایس بالا نگر اور جیڈی میٹلہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ٹرین میں سفر کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں کا سرقہ کرنے والی ایک شاطر ٹولی کو سائبرآباد پولیس نے بے نقاب کردیا ۔ اور تین ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ سی سی ایس بالا نگر اور جیڈی میٹلہ پولیس نے ایک کارروائی میں 22 سالہ بی سریکانت 22 سالہ ایم بھاسکر اور 19 سالہ ایم سریکانت ساکنان بالائی وقار آباد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 27 موٹر سائیکل اور ایک آٹو کو ضبط کرلیا جس کی کل مالیت 22,20,000 روپئے بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ ٹولی سابق میں بھی کئی وارداتیں انجام دے چکی ہے ۔ حیدرآباد اور سائبر آباد پولیس کمشنریٹ میں ان ملزمین نے 15 وارداتیں انجام دیں تھیں اور سال 2022 میں گرفتار کرلیے گئے تھے ۔ لیکن جیل سے رہائی کے بعد بھی انہوں نے اپنا رویہ نہیں بدلا اور دوبارہ سرقہ کی وارداتیں انجام دینا شروع کردیا ۔ یہ ٹولی سرقہ کی وارداتوں کو انجام دینے کے لیے ٹرین میں سفر کرتے تھے ۔ تانڈور سے حیدرآباد ٹرین میں سفر کے دوران کالونیوں اور سنسان نئی بستیوں کی نشاندہی کیا کرتے تھے جس کے بعد ان علاقوں میں جاکر نقلی چابیوں سے گاڑیوں کا سرقہ کیا کرتے تھے ۔ حیدرآباد سائبر آباد کے علاقہ وقار آباد ضلع میں انہوں نے وارداتیں انجام دیں تھیں ۔۔ ع