موٹر سائیکل سارقین گرفتار، بارہ موٹر سائیکلیں ضبط

   

حیدرآباد : آصف نگر پولیس کی کرائم ٹیم نے موٹر سائیکلوں کے سرقہ میں ملوث تین رکنی سارقین کی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے 22 سالہ ایم وینکٹیش اور اُس کے 2 ساتھیوں 27 سالہ وسیم اکرم اور 28 سالہ سراج خان کو موٹر سائیکلوں کے سرقہ میں ملوث ہونے پر اُنھیں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ وینکٹیش کا تعلق آصف نگر سے ہے اور وہ موٹر سائیکلوں کا عادی سارق ہے۔ جاریہ سال فروری میں اُسے آصف نگر پولیس نے اِسی قسم کے معاملہ میں ملوث ہونے پر گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا، لیکن جیل سے رہا ہونے کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگیا اور اُس نے موٹر سائیکلوں کا سرقہ کرنا شروع کردیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ علاقہ منگل ہاٹ، آصف نگر، لنگرحوض اور ٹپہ چبوترہ علاقوں میں قیمتی موٹر سائیکلوں کا سرقہ کیا تھا۔ گرفتار ملزمین کے قبضہ سے پولیس نے لاکھوں روپئے مالیتی 12 مسروقہ موٹر سائیکلیں ضبط کرلیں۔