موہن بھاگوت سے ملاقات کا مقصد محبت کا پیغام عام کرنا، این آر سی کے معاملہ میں عوام فکر مند نہ ہوں: مولانا سید ارشد مدنی

,

   

حیدرآباد: جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر و استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند مولانا سید ارشد مدنی نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھگوت سے ملاقا ت کی۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مولانا ارشد مدنی نے بتایا کہ ملک میں ان دنوں بڑھ رہی نفرت کے خلاف محبت کا پیغام عام کرنے کے مقصد سے انہوں نے آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت سے ان کے دفتر پر ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے قیام اور اس کے استحکام میں علماء کرام کا کردار تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ مولانا نے کہا کہ موجودہ حالا ت میں ہر طرف نفرت کا بازار گرم ہے ایسے میں ملک کی فکر کرنا ہمارے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے موہن بھاگوت کے سامنے اپنا نظریہ رکھا او رکہا کہ موجودہ حالات میں اگر ہم سب مل کربھائی چارہ کیلئے کام نہیں کریں گے تو آنے والے وقتوں میں صرف اقلیتوں کیلئے ہی نہیں بلکہ ملک میں رہنے والے ہر فردکیلئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ مولانا مدنی نے کہا کہ اگر حالات کو قابو میں نہیں کیا گیا تو ہمارا ملک تباہ ہوجائے گا اس لئے ہمیں اور آپ کو مل کر کا م کرنا ہوگااو ر ہم اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اپنی طرف سے پہل قدمی کردی ہے۔ مولانا مدنی نے مزید کہا کہ موہن بھاگوت نے ہماری اس کوشش سے بہت خوش ہوئے اور کہا کہ ملک کے مفاد میں آپ کی پہل بہت بہتر ہے ہم اس پر ضرور کام کریں گے۔

مولانا مدنی نے این آر سی کے مسئلہ پر با ت کرتے ہوئے کہاکہ جن کے نام این آر سی فہرست میں نہیں آئے ہیں انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور آسام کے وزیر اعلی نے کہا کہ جن کے نام فہرست میں نہیں آئے ہیں وہ یہ نہ سمجھیں کہ انہیں غیر ملکی قرار دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ثبوت پیش کرنے کی مہلت دی گئی ہے۔ مولانا سید ارشد مدنی نے آخر میں کہا کہ میں تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ امن و سکون کا ماحول بنائے رکھیں، پریشان نہ ہوں او رنہ کسی کے بھی بہکاوے میں نہ آئیں۔جمعیۃ علماء ہند عدالت عظمیٰ میں آسام میں این آر سی سے متعلق درجنوں مقدمات میں ماہر وکلاء کی ٹیم مقدمات لڑرہی ہے۔ این آرسی کا کام سپریم کورٹ کی نگرانی میں چل رہا ہے او رہمیں پورا یقین ہے کہ وہاں سے سب کو انصاف ملے گا۔