مکان سے مزید 28 لاکھ روپئے نقد رقم ضبط

   

رشوت خور کیسرا تحصیلدار کی گرفتاری
حیدرآباد۔ ریاست بھر میں سنسنی کا باعث بنے کیسرا تحصیلدار رشوت معاملہ میں مزید انکشافات منظر عام پر آئے ہیں۔ کل رات تحصیلدار ناگراجو کے گھر پر دھاوا کرکے ایک کروڑ 10 لاکھ نقد رقم رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں اے سی بی نے گرفتار کیا تھا اور انکے مکان کے علاوہ رشتہ داروں کے مکانات پر بھی دھاوے کئے گئے۔ تلاشی ۔ رات بھر جاری رہی اے سی بی نے تحصیلدار کے مکان سے مزید 28 لاکھ روپئے نقد رقم کو ضبط کیا۔ اس کے علاوہ لاکر کی چابی اور غیر محسوب اثاثہ جات کا انکشاف کیا ہے۔ اے سی بی نے تحصیلدار ناگراجو کے علاوہ وی آر او بی سائی راجو اور رئیل اسٹیٹ تاجر انجی ریڈی اور ستیہ ڈیولپر نمائندہ سریناتھ یادو کو حراست میں لے لیا اور ان سے پوچھ تاچھ کریگی۔ کیسرا رامیلی میں اراضی جو تنازعہ کا شکار ہے اس28 ایکر قیمتی اراضی میں ستیہ ڈیولپرس کے حق میں کارروائی کرنے ناگراجو نے ایک کروڑ 10 لاکھ روپئے رشوت طلب کی تھی اور اے ایس راؤ نگر میں واقع اس کے مکان پر اے سی بی نے عین وقت پر دھاوا کرکے گرفتار کرلیا۔ ناگراجو کے سرویس ریکارڈ میں رشوت خوری کے الزامات ہیں۔ دو سال قبل جب وہ کوکٹ پلی میں کیسرا منڈل تبادلہ پر آئے ان پر بدعنوانیوں کے الزامات تھے ۔سابق میں چیریال میں ایک کسان سے اس نے ایک لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد کسان نے خودکشی کرلی تھی۔ کسان کے اقدام کے بعد اسکے افراد خاندان نے تحصیلدار دفتر پہنچ کر برہمی ظاہر کی تھی۔ ان دنوں کیسرا منڈل میں اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد رئیل اسٹیٹ سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے اراضیات اور ریکارڈ کی خامیوں کا فائدہ اٹھاکر ریونیو حکام اپنی من مانی چلارہے ہیں۔ محکمہ انسداد رشوت ستانی نے اپنی کارروائی کا رُخ ریونیو حکام کی جانب موڑ دیا ہے۔