مکان کا کرایہ ادا کرنے کیلئے ساتھی مزدور کا قتل کرنے والا جوڑا گرفتار

   

ڈی سی پی ایل بی نگر سنپریت سنگھ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /20 نومبر ( سیاست نیوز ) مکان کا کرایہ ادا کرنے کیلئے ساتھی مزدور کا قتل کرنے والے ایک شخص اور اس کی بیوی کو حیات نگر پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر مسٹر سنپریت سنگھ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گیارہ تاریخ کو پیش آئی قتل کی سنگین واردات میں ملوث قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 48 سالہ کے رمیش اور اس کی بیوی 53 سالہ وینکٹ اماں عرف سجاتا کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ رمیش پیشہ سے میستری ہے ۔ جو خیریت آباد علاقہ میں رہتا ہے ۔اسی علاقہ میں مقتولہ 50 سالہ لنگاماں بھی رہتی تھی ۔ یہ خاتون تنہا تھی ۔ پیشہ سے میستری ہونے کے سبب ان دونوں میں دوستی ہوگئی تھی ۔ لنگاماں مزدور تھی ۔ ایک سے زائد مرتبہ رمیش اڈے سے اس خاتون کو اپنے ساتھ مزدوری پر لے گیا تھا اور ان کی جان پہچان دوستی اور ناجائز تعلقات میں بدل گئی تھی ۔ بیوی سے راز میں رکھتے ہوئے یہ شخص لنگاماں سے جنسی وابستگی کو جاری رکھے ہوئے تھا ۔ اس دوران معاشی تنگی کے سبب وہ پریشان ہوگیا اور مکان کا کرایہ بھی ادا شدنی تھا ۔ اس دباؤ میں اس نے منصوبہ تیار کرلیا تھا اور لنگاماں کو ٹھکانے لگانے کی ٹھان لی تھی ۔ اس دوران موقع کے انتظار میں موجود رمیش کو 11 نومبر کے دن اس خاتون لنگااماں نے فون کیا اور مزدوری کے متعلق پوچھا تو اس نے لنگاماں کو بتایا کہ کام ہے لیکن ناگول جانا پڑے گا اور وہ مقطعہ پہونچا اور لنگاماں کو لیکر حیات نگر کے علاقہ کنٹلور پہنچا رات دیر تک بغیر کام وہ اس خاتون سے وقت گذاری کرتا رہا اور رات ہوتے ہی اس خاتون کو سیندھی نوش کروائی اور جنسی وابستگی کی غرض سے کنٹلور کے سنسان علاقہ لے گیا اور ہتھوڑے سے سر پر وار کیا اور پھر بعد میں اس خاتون کا گلا کاٹ دیا اور کٹنگ پلیر کی مدد سے سونے اور چاندی کے زیورات کو نکال لیا اور اس کے بعد دوسرے دن بیوی کی مدد سے ان زیورات کو ایک پان بروکر کے سنٹر پر رہن رکھ دیا اور اس سے حاصل رقم سے کرایہ ادا کیا اور باقی رقم سے اخراجات کی تکمیل کی ۔ حیات نگر پولیس کے انسپکٹر ستیش نے فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے اطلاع کے ساتھ ہی تحقیقات کا آغاز کیا اور قاتل کو گرفتار کرلیا ۔