مکتھل تا نارائن پیٹ سڑک ، دو مرتبہ سنگ بنیاد ، تعمیر کا پتہ نہیں

   

کیا یہی ہے ترقی کی رفتار… ؟
مذکورہ سڑک کی خستہ حالی عوام کیلئے مصیبت ، جلد تعمیر کا مطالبہ ، بی آر ایس قائد سی رام موہن ریڈی کی پدیاترا

مکتھل۔ 18 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آر ایس قائد و سابق رکن اسمبلی مکتھل سی رام موہن ریڈی نے اپنے پارٹی قائدین و کارکنوں کے ہمراہ مکتھل نارائن پیٹ سڑک کی عاجلانہ تعمیر کے پرزور مطالبہ کے ساتھ اس 30 کیلومیٹر شاہراہ کی پیدل یاترا کرتے ہوئے حکومت اور حکام کو متوجہ کیا۔ رام موہن ریڈی سابق ایم ایل اے مکتھل نے پارٹی قائدین کے ساتھ مکتھل نارائن پیٹ چوراہا سے صبح 9 بجے اپنی یاترا کا آغاز کیا۔ پارٹی کے سینئر قائد کے سرینواس گپتا نے جھنڈی لہراکر اس یاترا کی شروعات کی۔ رام موہن ریڈی نے لنگم پلی پورلہ گیٹ اٹکور تیسرے پلی سے پیدا یاترا کرتے ہوئے شام 6 تا 7 بجے کے درمیان سنگار گیٹ پہونچے اور وہاں موجود پارٹی قائدین اور یاترا کا استقبال کرنے والے پرجوش عوام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مکتھل نارائن پیٹ چار لائن سڑک کا دو مرتبہ سنگ بنیاد رکھا گیا۔ پہلی مرتبہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سنگ بنیاد رکھتے ہوئے 237 کروڑ روپئے دینے کا اعلان کیا اور عوام کو جلد اس سڑک کی تعمیر کا خوبصورت خواب دکھاکر واپس ہوگئے اور اس کے 6 ماہ بعد ریاستی وزراء کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سیتا اکا اور جوپلی کرشنا راؤ اور مقامی وزیر ے ہمراہ دوبارہ پھر اس کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے عوام کو کام کے آغاز کی جھوٹی تسلی دی لیکن اتنا طویل وقت گذرنے کے بعد بھی اس سڑک کی تعمیر کا اب تک آغاز عمل میں نہیں آیا۔ سی رام موہن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ورنگل میں سنگل روڈس کو ڈبل روڈ اور ڈبل روڈس کو چار لائن سڑکوں میں تبدیل کررہے ہیں مگر مکتھل نارائن پیٹ سڑک کا دو مرتبہ سنگ بنیاد رکھنے کے باوجود کام کی شروعات کا کوئی پتہ نہیں۔ مکتھل کے سابق ایم ایل نے کہا کہ اس روڈ کی خستہ حالی اور سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے عوام اور اس سڑک سے گذرنے والوں کیلئے مصیبت بن چکے ہیں۔ مریضوں اور بیماریوں کیلئے ضلع ہاسپٹل تک پہونچا۔ ایک بڑی مصیبت اور درد سر بنا ہوا ہے۔ رام موہن ریڈی نے حکومت کی ترقی کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہا کہ اس روڈ کی تعمیر کیلئے اعلان کئے گئے 237 کروڑ روپئے کہاں گئے۔ سڑک پر موجود گڑھوں کو صرف مٹی اور مورم سے بھرنا ککافی نہیں ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک اس سڑک کی تعمیر کے کام کا آغاز نہیں ہوجاتا، وہ خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ضلع کلکٹر نارائن پیٹ کو ایک یادداشت حوالے کرنے کا بھی ذکر کیا۔ سی رام موہن ریڈی سابق رکن اسمبلی مکتھل کی اس پیدل یاترا میں نرسمہا گوڑ، آشی ریڈی، چنہ ہنمنتو، انور حسین، سی زبیر پاشاہ، عبدالمنان، محمد صادق، مانگنور ریلاریڈی، گال ریڈی، نروا مہیشور ریڈی، اٹکور منڈل بی آر ایس صدر سدھاکر ریڈی، عباداللہ، محمد سمیع، شروان، روی تیجا، مہی پال ریڈی، وینکٹیش، راما لنگم، نرسمہا ریڈی، اشوک گوڑ، آنند نرسمہلو، جوڑا ریڈی، بنڈی روی، جٹلا شنکر، انجنیلو و دیگر پارٹی قائدین شامل تھے۔