مکتھل

   

٭ایڈیشنل کلکٹر کا دورہ
٭غیر آباد سرکاری عمارتوں کا جائزہ
٭ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی اپیل

مکتھل /20 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایڈیشنل کلکٹر ضلع نارائن پیٹ مسٹر میانک متل آئی اے ایس نے آج مکتھل کا دورہ کرتے ہوئے تحصیل آفس مکتھل میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور سرکاری عہدیداران کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ مسٹر میانک متل نے اس موقع پر اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کو صاف و شفاف بنانے اور پورے انتخابی عمل کو اصول و ضوابط کی روشنی میں انجام دینے کیلئے سرکاری عہدیداران ، انتخابی عملہ کے ساتھ سیاسی جماعتوں کا تعاون بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ انتخابی قواعد کو ملحوظ رکھیں اور تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو حلقہ کی سطح پر الیکشن آفس سے اصول و قواعد کا ضابطہ حاصل کرتے ہوئے اس پر عمل آوری کو یقینی بنائیں ۔ الیکشن کمیشن کے رہنمایانہ اصول کی مکمل پاسداری کریں۔ اس اجلاس میں تحصیلدار مکتھل مسٹر سوگنا راجو ، انتخابی عہدیداران اور سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود تھے ۔
٭٭ رکن اسمبلی مکتھل مسٹر واکٹی سری ہری نے آج مکتھل مستقر ٹاون پر موجود غیر آباد سرکاری عمارتوں کا دورہ کرتے ہوئے اس کی مستقل بازآبادکاری اور اس کو کارآمد بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ مسٹر سری ہری رکن اسمبلی مکتھل نے ٹاون میں نو تعمیر شدہ پوسٹ آفس کی عمارت کے معائنہ کے بعد اس سے متصل غیر آباد تحصیلدار کے سرکاری رہائش گاہ کی عمارت کا بھی معائنہ کیا اور بہت جلد اس کی آہک پاشی کے بعد اس کو استعمال میں لانے کی ضرورت پر مشاورت کی ۔
٭٭ تحصیل آفس مکتھل کے ذرائع کے مطابق ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک اور موقع فراہم کیا گیا ہے اور 14 اپریل تک ایسے تمام نوجوان لڑکے لڑکیاں جن کی عمریں 18 سال ہو رہی ہو وہ ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کرواسکتے ہیں ۔ تحصیلدار مکتھل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔