مکرم جاہ بہادر نے اسلاف کی تاریخ کو محفوظ رکھنے اہم رول ادا کیا

   

آصف ثامن کا انتقال آصف جاہی دور حکومت کا عملی خاتمہ ۔ جناب زاہد علی خاں کا تعزیتی بیان
حیدرآباد۔15جنوری(سیاست نیوز) آصف جاہ ثامن نواب میربرکت علی خان مکرم جاہ بہادر کا سانحۂ ارتحال ریاست حیدرآباد کے دور حکمرانی کا عملی خاتمہ ہے ۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے مکرم جاہ بہادر کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمہ کا اظہار کیا اور کہا کہ حیدرآباد دکن کے انضمام کے باوجود آصف ثامن نے ریاست کے عوام کو رعایا کے طور پر دیکھا اورمادر وطن سے ان کی محبت ناقابل یقین رہی ۔ انہوں نے اسلاف کی تاریخ کو محفوظ رکھنے کے علاوہ ان کے شایان شان ریاست دکن کے حالات اور صورتحال کے متعلق تفصیلی معلومات رکھا کرتے تھے۔ جناب زاہد علی خان نے مکرم جاہ بہادر کے انتقال پر ان کے افراد خاندان اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ اللہ انہیں غریق رحمت کرے اور لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے۔ایڈیٹر سیاست نے بتایا کہ مکرم جاہ بہادر کے مراسم شہریان حیدرآباد سے کافی گہرے رہے ہیں اور وہ اپنے دورۂ حیدرآباد کے دوران تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے علاوہ قلعہ گولکنڈہ کی مسجد کا دورہ کرتے اور قریبی رفقا سے ملاقات کرتے تھے۔انہو ںنے اپنی زندگی میں نسل نو کی تعلیم و تربیت کیلئے اسلاف کے نقش قدم پر تعلیمی ادارو ںکے قیام کے ساتھ ان کو چلانے بہترین نظام تیار کرکے ملت کے نونہالوں کے مستقبل کو تابناک بنانے مکرم جاہ ایجوکیشن اینڈ لرننگ ٹرسٹ کا قیام عمل میں لا کر اسلاف کی روایات کو برقرار رکھا اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے اور ان ادارہ ٔ جات میں ہزاروں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔جناب زاہد علی خان نے مرحوم کی خدمات کو خراج پیش کیا اور کہا کہ وہ اپنے اسلاف کی تعلیمات اور خدمات اقتدار سے محرومی کے بعد بھی جاری رکھے ہوئے تھے جو انہیں دیگر شاہی خاندانوں سے منفرد بناتی ہے۔