مکہ مسجد میں محدود مصلیوں کیساتھ باجماعت نماز کی اجازت: چیف منسٹر

   

حیدرآباد۔19 اپریل(سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے دوران بھی گھروں میں نماز ادا کی جائے اور تاریخی مکہ مسجد میں بھی محدود مصلیوں کو نماز با جماعت اداکرنے کی اجازت حاصل رہے گی۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے لاک ڈاؤن کے فیصلہ کے مطابق کسی بھی مذہبی اجتماع کو اجازت کسی بھی حالت میں نہیں دی جائے گی۔ کے چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ ریاست بھر میں عوام اور عوامی نمائندوں کی جانب سے حکومت کے فیصلوں اور احکام پر مکمل عمل آوری کی جا رہی ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ان احکام پر عمل آوری کو یقینی بنایاجائے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں ہی عبادات کو یقینی بنائیں تاکہ سب ملکر کورونا وائرس کا مقابلہ کرسکیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں توسیع کے بعد یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ ریاست کی کسی بھی مسجد میں نماز تراویح کا اہتمام نہیں کیاجائے گا اور اگر کیا بھی جاتا ہے تو فرض نمازوں کیلئے دی گئی اجازت کی طرح صرف 5 مصلیوں کے ساتھ نماز تراویح کی ادائیگی کی اجازت حاصل رہے گی۔ریاست تلنگانہ میں آئندہ ماہ کے دورا ن بھی کسی بھی تقریب کی اجازت نہیں رہے گی۔چیف منسٹر نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شادی خانوں کو اس بات سے مطلع کیا جا رہاہے کہ وہ ماہ مئی کے دوران بھی کوئی تقریب کے انعقاد کی اجازت نہ دیں۔