مکہ مسجد کا خطبہ میلاد و مرکزی میلاد جلوس

   

جلوس میں ادب و احترام ، نظم و ضبط کو ملحوظ رکھیں : صدر مجلس علماء دکن کی اپیل
حیدرآباد :۔ مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن ، مولانا ڈاکٹر سید گیسودراز خسرو حسینی سجادہ نشین روضہ بزرگ ، مولانا سید علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ، مولانا سید محمد صدیقی حسینی قادری ، مولانا جسٹس سید شاہ محمد قادری ، مولانا مفتی محمد عظیم الدین ، مولانا مفتی خلیل احمد ، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری ، مولانا سید حمید الدین قادری شرفی ، مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ ، مولانا سید محمود صفی اللہ وقار پاشاہ قادری ، مولانا سید اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ قادری ، مولانا سید حامد محمد افتخار پاشاہ قادری اور مولانا سید بدیع الدین صابری معزز اراکین صدر مجلس علماء دکن نے اپنے مشترکہ بیان میں عید الاعیاد میلاد النبی ﷺ کی مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوش بخت و سعادت مند ہیں وہ لوگ جو اس ماہ مبارک میں اپنے آقا رحمتہ للعالمین ﷺ کی ولادت پاک کا جشن مناتے ہیں اور مختلف طریقوں سے اپنی خوشیوں کا اظہار کرتے ہیں ۔ ایسی خوشیاں منانا سنت الہیہ بھی ہے اور سنت رسول بھی ، سنت صحابہ بھی ہے اور سنت صالحین بھی ۔ ایسے موقعوں پر قرآن خوانی ، نعت خوانی ، جلسے جلوس ، ذکر و اذکار کے محافل کا انعقاد ، آثار مبارک کی زیارت ، روشنی سے سجانا اور اہتمام طعام یہ سب تاجدار کائنات ؐ سے اظہار محبت و عقیدت کے طریقے ہیں ۔ اکابر علماء نے اس کو جائز اور احسن اعمال بتایا ہے ۔ اس موقع پر حسب روایات قدیم مسلمان مکہ مسجد کے خطبہ میلاد میں کثیر تعداد میں شرکت کریں ۔ جلسے و جلوس میں شرکت کرنے والے عامتہ المسلمین سے اپیل ہے کہ وہ ادب و احترام اور نظم و ضبط کو ملحوظ رکھیں ۔ اور اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ نبی رحمت ﷺ کی میلاد پاک کا جلوس ہے ۔ چیخ و پکار سے اجتناب کریں ۔۔