مکہ مکرمہ: ایک سے زیادہ عمرہ کیلئے وقفہ کی شرط ختم

   

مکہ مکرمہ ۔ سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے دوسری بار عمرہ کی ادائی کے لیے کم سے کم 15 دن کے وقفے کی شرط ختم کردی ہے۔ اب عمرہ کے خواہش مند افراد ’اعتمرنا‘ یا ’توکلنا‘ ایپ میں سے کسی ایک کے ذریعہ دوبارہ عمرہ کی ادائی کے لیے بکنگ کی درخواست دے سکتے ہیں۔ عمرہ کی ادائی کا پہلے اجازت نامے کی مدت ختم ہونے کے ساتھ دوبارہ عمرہ کے لیے درخواست دی جاسکتی ہے۔ اس طرح ایک سے زیادہ عمرہ کے درمیان وقفہ کی پابندی نہیں رہی ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے 17اکتوبر کو مسجد حرام اور مسجد نبوی کو پوری گنجائش کے مطابق زائرین کے لیے کھول دیا تھا۔ اس موقع پر نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے کی شرط بھی ختم کر دی گئی تھی۔ دوسری جانب مکرمہ مکرمہ میں خانہ کعبہ اور حجر اسود کو معطر کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ عرب ذرائع کے مطابق مکہ مکرمہ میں سعودی ٹی وی چینل نے تقریب کو پہلی بار براہ راست نشر کیا۔ حرم شریف کے فرش کی صفائی کے لیے مشینی متعارف کرائی گئی ہے،جسے روبوٹ کہا گیا ہے۔ یہ مشین ایک گھنٹے میں 2 ہزار 45 مربع میٹر کی صفائی کا کام کرسکتی ہے۔ ادھر سعودی عرب کے شہر طائف میں معشی، مسرہ، خالدیہ اور ہدا روڈ کے اطراف میں موسلا دھار بارش ہوئی۔