مہاراشٹرا : اسکول ہاسٹل کے 229 طلبہ کورونا پازیٹیو

   

واشیم : مہاراشٹرا کے ضلع واشیم کے ایک پبلک اسکول ہاسٹل کے جملہ 229 اسٹوڈنٹس کورونا وائرس کے ٹسٹ میں مثبت پائے گئے ہیں۔ ایک عہدیدار نے جمعرات کو بتایا کہ اسکول اسٹاف کے 4 ارکان بھی ٹسٹ میں پازیٹیو پائے گئے۔ اِس علاقہ کو کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر ودربھ خطہ کے مختلف اضلاع کے 327 اسٹوڈنٹس بھاؤنا پبلک اسکول کے اِس ہاسٹل میں مقیم ہیں۔ اِس ہفتے کے اوائل مرٹھواڑہ کے ضلع لاتور میں ایک ہاسٹل کے 39 اسٹوڈنٹس اور 5 ملازمین کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے۔ ریسوڑ تحصیلدار اجیت شیلار نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ متاثرہ اسٹوڈنٹس 14 فبروری کو واشیم ہاسٹل میں داخل ہوئے تھے۔ ابتدائی چند دن میں 21 اسٹوڈنٹس کورونا پازیٹیو پائے گئے جس کے بعد تمام 327 طلبہ کے آر ٹی ۔ پی سی آر ٹسٹ لئے گئے۔ مہاراشٹرا میں چہارشنبہ کو کورونا وائرس کے کیسوں میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا اور زائداز 4 ماہ کے وقفے کے بعد ایک ہی روز میں 8 ہزار سے زیادہ نئے انفیکشن سامنے آئے۔ ریاست میں چہارشنبہ کے 8807 نئے کیسوں کے ساتھ جملہ کورونا متاثرین کی تعداد 21,21,119 ہوگئی ۔ریاست میں 51,927 کورونا اموات درج ہوئی ہیں۔