بی آر ایس میں شمولیت اور مقامی یونٹس کے قیام میں دلچسپی
حیدرآباد ۔30 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کی سرگرمیوں کو کرناٹک اور مہاراشٹرا میں وسعت دینے کیلئے نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ دونوں ریاستوں کے قائدین سے ربط میں ہیں۔ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے کئی قائدین اور عوامی نمائندوں نے جن کا تعلق مختلف طبقات سے ہے، آج بی ونود کمار سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ان میں کانگریس کے بعض قائدین شامل ہیں۔ ونود کمار سے ملاقات کے دوران دونوں ریاستوں کے قائدین نے بی آر ایس کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی خواہش کی اور کہا کہ عوام بی آر ایس کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ونود کمار نے کرناٹک اور مہاراشٹرا میں یونٹس کے قیام اور عوام سے ملاقات کے پروگرام کی حکمت عملی سے واقف کرایا ۔ مقامی قائدین کا کہنا تھا کہ عوام بی جے پی اور کانگریس سے عاجز آچکے ہیں اور بی آر ایس کے ذریعہ تلنگانہ کی طرح ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے خواہاں ہیں۔ کرناٹک کے دھارواڑ اور ہبلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین کے علاوہ یادو اور کرما طبقات کے نمائندوں نے بی آر ایس میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا۔ بنگلور شہر سے تعلق رکھنے والے مختلف طبقات کے نمائندوں نے بھی بی آر ایس میں شمولیت پر آمادگی کا اظہار کیا۔ ر
انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں بی آر ایس کو عوامی تائید حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ریاستوں میں غیر یقینی سیاسی صورتحال ہے اور عوام کو نئے متبادل کی تلاش ہے۔ تلنگانہ میں عمل کی جارہی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کو ملک بھر میں توسیع دینے کیلئے بی آر ایس کا اقتدار ضروری ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ عنقریب کے سی آر بی آر ایس کی توسیعی پروگرام کا اعلان کریں گے اور کرناٹک اور مہاراشٹرا میں عام جلسوں کے انعقاد کی تجویز ہے۔ر