مہاراشٹرا سیاسی ہنگامہ: وزیر داخلہ امیت شاہ کو استعفیٰ دیدینا چاہئے: سی پی آئی لیڈر اتل کمار انجان

,

   

نئی دہلی: مہاراشٹرا میں سیاسی ہنگامہ آرائی چل رہی ہے۔ کچھ دن قبل صبح سویرے بی جے پی کی لیڈ رفڈنویس وزارت اعلی کے عہدہ کے حلف لیتے ہیں اور اب انہیں یہ ان کا عزیز عہدہ چھوڑنا پڑا۔ اس کے بعد سے بی جے پی قومی صدر و و زیر داخلہ امیت شاہ پر تنقیدیں شروع ہوگئی ہیں اور انہیں استعفیٰ دیدینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔سی پی آئی کے قومی سکریٹری اتل کمار انجان اپنے ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت نے اپنے عہدہ کا غلط استعمال کیا۔ امیت شاہ اور گورنر مہاراشٹرا کے عہدہ کا ناجائز استعمال کر کے غیر اخلاقی اور غیر اصولی اور غیر جمہوری طریقہ سے دیویندر فڈنویس او راجیت پوار کو چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے کا حلف دلوایا۔

انجان نے کہا کہ دیویندر فڈنویس او راجیت پوار کے استعفیٰ کے ساتھ ہی ناجائز حکومت کا خاتمہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو اس بڑے ملک میں صرف بڑی بڑی اصولی باتیں کرنے کے ساتھ ساتھ اس بڑے ملک میں بڑا دل بھی رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس بڑے دل کو دکھانے کی ضرورت تھی مہاراشٹرا میں ایسا نہیں ہوا۔سی پی آئی لیڈر نے کہا کہ اشومیگھ کا گھوڑا مہاراشٹرا میں لہولہان ہوکر ممبئی کے آزاد میدان میں گرپڑا۔

مسٹر انجان نے کہا کہ گورنرمہاراشٹرا کالی ٹوپی لگاکر ترچھی نظر سے آئین کو ہلاک کرنے کی کوشش کررہے تھے لیکن انہیں شکست ملی۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے واقعہ میں کالے پردہ کے پیچھے بیٹھ کر وزیر داخلہ امیت شاہ نے جوکھیل کھیلا ہے اس سے انہیں شکست ہوئی ہے۔ لہذا اب انہیں وزارت داخلہ کے عظیم عہدہ سے مستعفی ہوجانا چاہئے۔ q