ممبئی : مہاراشٹر اکی دیویندر فڑنویس حکومت نے بھی اتر پردیش کی یوگی حکومت کے نقش قدم پر جبری تبدیلی مذہب اور مبینہ لو جہاد کے معاملات کو روکنے کیلئے قانون بنانے کا فیصلہ کیاہے۔ مہاراشٹرا کے ڈی جی پی کی قیادت میں ایک 7 رکنی کمیٹی بنائی جائے گی جو مجوزہ قانون کے مختلف پہلوؤں کا مطالعہ کرے گی۔ کمیٹی اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی جس کے بعد نئے قانون کا مسودہ تیار کیا جائے گا۔نیز یہ کمیٹی دیگر ریاستوں میں بنائے گئے اسی طرح کے قوانین کا بھی مطالعہ کرے گی۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ گورنمنٹ ریزولیوشن (GR) کے مطابق کمیٹی ریاست کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے گی اور اس کے مطابق مبینہ لو جہاد سے متعلق شکایات سے نمٹنے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔مہاراشٹرا کے ڈی جی پی اس کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ ان کے علاوہ محکمہ خواتین و اطفال کی ترقی، محکمہ اقلیتی، محکمہ قانون، محکمہ سماجی انصاف، اسپیشل اسسٹنٹ ڈیپارٹمنٹس اور محکمہ داخلہ کے ڈپٹی سکریٹری اس کمیٹی میں بطور ممبر شامل ہوں گے۔