مہاراشٹرا میں زیکا وائرس کے پہلے معاملے کی تصدیق

   

ممبئی: مہاراشٹرا میں پونے ضلع کے پرندر علاقہ کی ایک خاتون کو زیکا وائرس کی ٹسٹ رپورٹ پازیٹیو آنے کے بعد ریاست میں اس انفیکشن کا پہلا معاملہ درج کیا گیا۔ریاستی محکمہ صحت نے اتوار کو ایک بیان جاری کرکے کہاکہ 50 سالہ خاتون وائرس کے انفیکشن سے ٹھیک ہوچکی ہے اور وہ اور ا س کے کنبہ کے اراکین میں اس وقت کوئی علامت نظر نہیں آرہی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق جولائی کی شروعات میں پنے کے نزدیک پرندر تحصیل کے بیلسر گاوں سے بخار کے کئی معاملے سامنے آئے۔ پانچ نمونوں کو فومی وائرولوجی ادارہ (این آئی وی) پنے ٹیسٹ کے لئے بھیجا گیا اور ان میں سے تین چکن گنیا سے متاثر ملے۔بیان میں کہا گیا کہ اس کے بعد این آئی وی کی ایک ٹیم نے بیلسر اور پرنچے گاوں کا 27جولائی اور 29جولائی کے درمیان دورہ کیا اور وہاں سے 41لوگوں کے نمونے جمع کئے۔ ان میں سے 25لوگوں کی رپورٹ میں چکن گنیا کا انفیکشن پایا گیا، تین ڈینگو اور ایک زیکا وائرس سے متاثر ملا۔