مہاراشٹرا میں مسلم کوٹہ کی گنجائش نہیں، اپوزیشن کو حکومت کا جواب

   

ممبئی ، 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن پارٹیوں نے آج مطالبہ کیا کہ مہاراشٹرا میں تعلیم اور سرکاری نوکریوں میں مسلمانوں کیلئے 5 فی صد ریزرویشن دیا جائے، لیکن بی جے پی زیرقیادت حکومت نے اس کے جواب میں کہا کہ دستور میں مذہب کی اساس پر کوٹہ کی گنجائش نہیں ہے۔ کانگریس اور این سی پی ایم ایل سیز نے مہاراشٹرا قانون ساز کونسل میں پُرشور انداز میں یہ مسئلہ اٹھایا۔ منیشا کیانڈے (شیوسینا) کی پیش کردہ تحریک توجہ دہانی میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس اور این سی پی لیجسلیٹرز نے کہا کہ کمزورتر طبقہ ہونے کے باوجود ریاستی حکومت اس کمیونٹی کو ایجوکیشن اور جابس میں ریزرویشن کے کوئی فوائد پیش کرنے میں ناکامی ہوئی ہے۔ تاہم، وزیر برائے اعلیٰ اور فنی تعلیم ونود تاؤڑے نے کہا کہ حکومت کوٹہ کے ضمن میں دستوری گنجائشوں کے خلاف عمل نہیں کرسکتی ہے۔