مہاراشٹرا میں 2608 نئے کورونا کیس ۔ ایک دن میں 60 اموات

,

   

ممبئی ۔ /23 مئی (سیاست ڈاٹ کام)مہاراشٹرا کورونا سے ملک کی بدترین متاثرہ ریاست کے طور پر ابھرتی جارہی ہے جبکہ ہفتہ کو 2608 نئے کورونا مریض سامنے آئے ۔ جس کے ساتھ ریاست میں کیسوں کی جملہ تعداد 47190 ہوگئی ہے ۔ محکمہ صحت کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ریاست میں ایک دن میں 60 کورونا مریض فوت بھی ہوگئے جس کے ساتھ جملہ جانی نقصان 1577 ہوچکا ہے ۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ ان میں سے 42 اموات جمعہ کی شام کے بعد سے پیش آئی جبکہ 18 اموات گزشتہ دو ہفتوں میں ہوئی تھیں ۔ لیکن کورونا وائرس کے ٹسٹ کے نتائج بعد میں سامنے آئے ۔ 821مریضوں کو دواخانوں سے ڈسچارج کیا گیا ہے جس کے ساتھ جملہ صحت یاب کورونا مریضوں کی تعداد 13,404 ہوگئی ۔ ریاست کے 47,190 کیسوں میں سے 28,817 صرف دارالحکومت ممبئی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ملک کے تجارتی دارالحکومت میں 949کووڈ۔اموات بھی پیش آئی ہیں ۔ بدترین متاثرہ ممبئی میٹرو پولیٹین ریجن میں ممبئی اور اطراف کے سیٹلائیٹ ٹاؤنس شامل ہیں جہاں سے اب تک 36173 کیس اور 1069اموات درج ہوئے ہیں ۔ ہفتہ کو درج 60 اموات میں سے 40 ممبئی کی ہیں ۔ پونے میں 14 ، شولاپور میں 2 اور دیگر مقامات پر بقیہ مریض فوت ہوئے ۔