مہاراشٹرا: پب جی گیم کھیلنے کے دوران 18 سالہ نوجوان دل کے دورہ کے سبب فوت

,

   

ناندیڑ(مہاراشٹرا): پب جی گیم نوجوان طبقہ میں انتہائی مقبول بن گیا ہے۔ نوجوان اس کھیل میں اپنا قیمتی وقت زیادہ سے زیادہ اس میں صرف کرنے لگے ہیں۔ پب جی گیم ایک جنگی میدان میں لڑائی پر مبنی ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق ریاست مہاراشٹر ا میں ایک نوجوان لڑکے کا پب جی گیم کھیلتے ہوئے دل کا دورہ پڑگیا جس کے سبب اس کی موت واقع ہوگئی۔ یہ واقعہ مہاراشٹرا کے ناندیڑ ضلع کے مہور تحصیل میں پیش آیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 18 سالہ راجیش نندوراٹھور سے کی گئی ہے۔ راجیش پب جی گیم کو پب جی گیم کھیلنے کا بہت شوقین تھا۔ وہ اکثر یہ گیم کھیلا کرتا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ راجیش ہفتہ کے روز پب جی گیم کھیل رہا تھا کہ اچانک اسے دل کا دورہ پڑگیا اور وہ وہیں فوت ہوگیا۔ اس واقعہ کا علم گھر میں موجود اس کے والد کو نہیں ہوا۔ کافی دیر بعد راجیش کے والد نے محسوس کیا کہ راجیش کافی دیر سے حرکت نہیں کررہا ہے جس پر انہوں نے دیکھا تو پتہ چلا کہ راجیش مردہ حالت میں پڑا ہے۔انہوں نے فوراً مدد کیلئے پڑوسیوں کو آواز دی۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے۔ مہور پولیس نے حادثاتی موت کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔