ممبئی: جنگ زدہ یوکرین میں پھنسے ہوئے مہاراشٹرا کے 72 طلباء پانچ خصوصی پروازوں سے دہلی اور ممبئی پہنچے ہیں۔ یہ اطلاع منگل کو دی گئی۔ ان تمام طلبہ میں سے 46 طلبہ کو مہاراشٹرا گورنمنٹ کوآپریشن سیل کے ذریعہ بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچا دیا گیا ہے۔ یوکرین میں پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں اور طلباء کو بچانے کے لیے حکومت ہند کی طرف سے آپریشن گنگا چلایا جا رہا ہے۔ یوکرین اور روس کے درمیان 24 فروری سے جنگ جاری ہے۔ رومانیہ کے بخارسٹ سے ائر انڈیا کی پہلی خصوصی پرواز اتوار کی رات دیر گئے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری جس میں مہاراشٹرا کے 28 طلباء سوار تھے۔ اس کے بعد اتوار کی صبح اور شام کو دو خصوصی طیارے مہاراشٹرا پہنچے جس میں مہاراشٹرا کے بالترتیب 18 اور 12 طلباء تھے اور دو اور خصوصی طیاروں سے بالترتیب دس اور چار طلباء پیر کی صبح اور شام کو دہلی پہنچے۔