مہاراشٹر:جعلی دستاویزات معاملہ میں بی جے پی لیڈر کی اہلیہ کو ضمانت

   

ممبئی: ممبئی ہائی کورٹ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈر حیدر اعظم کی اہلیہ ریشما خان کی پیشگی ضمانت منظور کرلی ہے ۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر بنگلہ دیشی شہری ہونے کے جعلی دستاویزات کے ذریعے ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کی۔عدالت نے منگل کو پولیس کو ہدایت کی کہ ریشما کو 25 ہزار روپے کے مچلکے پر ضمانت پر رہا کیا جائے ۔عدالت نے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ جانچ میں تعاون کریں اور ضرورت پڑنے پر تھانے میں موجود رہیں۔ سیشن کورٹ کی جانب سے ان کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد خان نے 3 جنوری کوہائی کورٹ کا رخ کیا تھا۔سیشن عدالت نے سماعت کے دوران کہا تھا کہ اس کا پیدائشی سرٹیفکیٹ بادی النظر میں جعلی نظر آتا ہے اور اس معاملے کی تفصیل سے تفتیش کے لیے تحویل میں ان سے پوچھ گچھ کی ضرورت ہے ۔ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ مقدمہ سیاسی انتقام کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے ۔ یہ سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں۔ مقدمہ درج کرنے کا واحد مقصد خان کو ہراساں کرنا، ان کی شبیہ کو خراب کرنا اور سیاسی انتقام ہے ۔