نندوربار: مہاراشٹر کے نندوربار ضلع میں قبائلی ترقی محکمہ کے ذریعہ چلائے جانے والے ایک اسکول میں آٹھویں کلاس کی طالبہ نے مبینہ طور پر ہاسٹل کے کمرے میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔پولیس نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔متاثرہ کی شناخت اوشا لہر وساوے (13) کے طور پر ہوئی ہے ۔ شاہدہ تعلقہ کے گرلز ہاسٹل میں طالبہ کی سہیلیوں نے آج صبح جب اس کے کمرے کا دروازہ کھولا تو وہ کمرے میں پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ لڑکی نے ہفتے کے روز مبینہ طور پر خودکشی کی ہے ۔اوشا دھڑگاؤں تعلقہ کے اٹی گاؤں کی رہنے والی تھی اور موہدا گاؤں کے ایکلویہ ماڈل اسکول کی طالبہ تھی۔ اسکول کی عمارت زیر تعمیر ہے ، اس لیے اس وقت سلطان پور گاؤں کے آشرم اسکول کے احاطے میں کلاسز چل رہی ہیں۔ دونوں اسکول شاہدا تعلقہ کے تحت آتے ہیں۔متاثرہ کے والدین اور دیگر رشتہ داروں نے آشرم اسکول میں جمع ہو کر اسکول انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور اعلان کیا کہ جب تک وارڈن اور پرنسپل کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی لاش نہیں اٹھائیں گے ۔ شاہدہ کے بی جے پی ایم ایل اے راجیش پاڈوی، پولیس اہلکار اور قبائلی ترقی کے محکمے کے افسران آشرم اسکول پہنچ گئے ہیں۔