مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے انتخابات کیلئےبی جے پی کے تین امیدواروں کا اعلان

   

نئی دہلی، 4 اکتوبر (یواین آئی) مہاراشٹر میں قانون ساز کونسل کے آنے والے انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتوار کو تین امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چُگھ نے آج یہاں ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی نے مہاراشٹر میں ہونے والے قانون ساز کونسل کے گریجویٹ اور ٹیچرز حلقوں کے لیے تین امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی ہے ۔ پارٹی نے پونے ڈویژن کے گریجویٹ حلقے سے ڈاکٹر اسمیتا یوگیش یادو، ناگپور ڈویژن کے گریجویٹ حلقے سے مسٹر سدھاکر وٹھل راؤ کوہلے اور پونے ڈویژن کے ٹیچرز حلقے سے کوستوبھ مرلی دھر گاؤڈے کو امیدوار بنایا ہے ۔ریاستی قانون ساز کونسل کی پانچ نشستوں کے لیے 23 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی۔ ان میں تین گریجویٹ اور دو ٹیچرز حلقے شامل ہیں۔ اس کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 اکتوبر ہے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ 7 اکتوبر کو ہوگی۔