مہاراشٹر میں تعمیراتی مزدوروں کو 153.40 کروڑ روپئے کی امداد

   

ممبئی،21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹر کے وزیر لیبر دلیپ والسے ۔ پاٹل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس(کوویڈ 19) کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن کے دوران 7.67 لاکھ تعمیراتی مزدوروں کے کھاتوں میں مالی مدد کے طورپر کُل 153.40 کروڑ روپے جمع کئے گئے ہیں۔یہاں جاری ایک بیان کے مطابق،ریاستی حکومت کے فیصلے کے تحت مہاراشٹر کے عمارتیں اور دیگر تعمیراتی مزدوروں کے فلاح وبہبود بورڈ نے 20 مئی تک 7,67,000 تعمیراتی مزدوروں کی فہرست درج کی ہے ۔ہر مزدور کے بینک کھاتے میں دو ہزار روپے جمع کئے گئے ہیں اور کُل رقم 153.40 کروڑ روپے ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران مختلف مشکلات کی وجہ سے جن تعمیراتی مزدوروں کے بینک کھاتے کی تفصیل ضلع دفتر سے حاصل نہیں ہوئی ہے ،ان کا بھی پتہ لگایا جائے گا اور ان کے بینک کھاتوں میں بھی مالی مدد کی رقم جمع کی جائے گی۔