ممبئی ، 8 جون (یو این آئی) آئندہ بلدیاتی انتخابات کے دوران الزامات اور جوابی الزامات کے بیچ بی جے پی کے رہنما نتیش رانے کے بیان نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے ۔ ان کے بڑے بھائی اور شندے گروپ کے ایم ایل اے نیلیش رانے نے انہیں عوامی مقامات پر احتیاط سے بات کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔نتیش رانے کے حالیہ بیانات نے مہایوتی اتحاد کے اندر کشیدگی کو جنم دیا ہے اور سیاسی مبصرین خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ ان بیانات سے مہایوتی میں تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔ نیلیش رانے نے ایکس (ٹویٹر) پر اپنے ردعمل میں کہا کہ نتیش کو احتیاط سے بولنا چاہیے ۔ میں جب ان سے ملا تو میں نے کچھ نہیں کہا لیکن ہمیں ہر بات سوچ سمجھ کر کرنی چاہیے ۔ میٹنگ میں بات کرنا آسان ہے ، لیکن یہ جاننا ضروری ہے کہ ہماری تقریر سے اصل میں کس کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہم مہایوتی کا حصہ ہیں۔نیلیش رانے کے بیان نے سیاسی بحث کو ہوا دی ہے اور سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا مہاوتی اتحاد میں سب کچھ ٹھیک ہے ؟ آنے والے دنوں میں مزید ردعمل سامنے آنے کے امکانات ہیں اور رانے برادران کے اختلافات سیاسی ماحول کو گرم کر سکتے ہیں۔نتیش اور نیلیش رانے کے درمیان اختلافات نے سیاسی ماحول کو متحرک کر دیا ہے اور اب سیاسی حلقے اس بات پر نظر رکھے ہوئے ہیں کہ آنے والے دنوں میں اس سلسلے میں کیا پیش رفت ہوتی ہے ۔