مہدوی طلباء و طالبات کو محمد عبدالجبار خاں تعلیمی اسکالر شپ

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( راست ) : گذشتہ سالوں کی طرح تعلیمی سال 2022-23 میں بھی امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے مہدوی طلباء و طالبات کے لیے جناب محمد عبدالجبار خاں بانی و صدر ادارۃ العلم مہدویہ لائبریری چنچل گوڑہ نے حسب ذیل کیاش گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ تعلیمی سال برائے 2022-23 کے اسٹیٹ ٹاپر ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ کے لیے فی کس 50,000 روپئے کا اسپیشل ( خصوصی کیاش گرانٹ ) دئیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ ( ایم پی سی ، بی پی سی ) میں 90 فیصد سے زائد نشانات حاصل کرنے والے مہدوی طلباء وطالبات میں سب سے زیادہ نشانات حاصل کرنے والے اسٹوڈنٹس کو فی کس 25,000 روپئے کیاش گرانٹ دیا جائے گا جب کہ ایس ایس سی میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والے اسٹوڈنٹس کو بالترتیب 10 ہزار اور پانچ ہزار کا کیاش گرانٹ دیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ انٹر میڈیٹ ( ایم پی سی ، بی پی سی ) میں دوسرے اور تیسرے مقام پر آنے والوں کو بالترتیب 15 ہزار اور 10,000 روپئے کے کیاش گرانٹ سے نوازا جائے گا ۔ تعلیمی سال 2022-23 کے دوران ریاضی اور سائنس کے مضامین 90 فیصد سے زائد نشانات حاصل کرنے والے اسٹوڈنٹس کے ٹیچرس کے لیے 10,000 روپئے نقد انعام مقرر کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ 90 فیصد سے زائد نشانات حاصل کرنے والے مہدوی اسٹوڈنٹس ہی درخواست کے مستحق ہوں گے ۔۔