مہنگائی سے غریب اور مڈل کلاس طبقہ شدید متاثر :کانگریس

   

نئی دہلی، 21 ستمبر (یو این آئی) کانگریس نے غذائی اور روزمرہ کے استعمال کی ضروری اشیاء کی آسمان چھوتی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب اور درمیانہ طبقے کی کمر توڑ رہی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی سخت ضرورت ہے ۔کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے پیر کو سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ گزشتہ ایک مہینے میں مصالحوں کی قیمتوں میں 10 سے 25 فیصد تک کا بھاری اضافہ ہوا ہے ۔ چھوٹی الائچی 4,000 روپے سے بڑھ کر 4,400 روپے ، بڑی الائچی 2,400 روپے سے 2,800 روپے ، زیرہ 360 روپے سے 400 روپے اور جاوتری 2,500 روپے سے بڑھ کر 3,000 روپے فی کلو ہو گئی ہے ۔مسٹر رمیش نے کہا کہ ارہر دال 100 روپے سے بڑھ کر 130 روپے ، چنا دال 70 روپے سے 100 روپے اور اڑد 120 روپے سے 140 روپے فی کلو ہو گئی ہے ، جبکہ سرسوں کا تیل 190 روپے سے 210 روپے اور سفولا تیل 240 روپے سے 280 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جون سے ستمبر کے دوران پیاز کی اوسط خردہ قیمت 29.50 روپے سے بڑھ کر 53.78 روپے فی کلو ہو گئی، یعنی تقریباً 82.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے غریب خاندانوں کیلئے دال اور ضروری غذائی اشیاء پہنچ سے باہر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مہنگائی پر فوری طور پر سخت اقدامات اٹھا کر عام عوام کو راحت دینے کا مطالبہ کیا۔