مہیش کمار گوڑ کی سی پی آئی سکریٹری سامبا سیوا راؤ سے ملاقات

   

ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس کی تائید کی اپیل، ریاست کی سیاسی صورتحال پر بات چیت
حیدرآباد۔23 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات میں سی پی آئی کی تائید حاصل کرنے کیلئے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج سی پی آئی ہیڈکوارٹر پہنچ کر ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ رکن اسمبلی اور دوسروں سے ملاقات کی۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، محمد اظہرالدین ، رکن راجیہ سبھا وی نریندر ریڈی ، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی ، سی پی آئی کے رکن کونسل ایم ستیم ، قومی سکریٹریٹ کے ارکان پی وینکٹ ریڈی ، چاڈا وینکٹ ریڈی ، ای ٹی نرسمہا ، سرینواس راؤ ، کے شنکر اور دیگر قائدین موجود تھے۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، محبوب نگر اور کھمم ، نلگنڈہ اور ورنگل اضلاع پر مشتمل گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات میں کانگریس نے پارٹی امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ سی پی آئی قائدین سے اپیل کی گئی کہ دونوں ایم ایل سی نشستوں کیلئے کانگریس امیدواروں کی تائید کریں۔ اس سلسلہ میں اضلاع کے سی پی آئی کیڈر کو ہدایات دینے کی درخواست کی گئی۔ مہیش کمار گوڑ اور سامبا سیوا راؤ نے ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ انڈیا اتحاد میں سی پی آئی شامل ہے اور گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ساتھ مل کر سی پی آئی نے مقابلہ کیا تھا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ عوامی بھلائی کیلئے کانگریس پارٹی سی پی آئی کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ سامبا سیوا راؤ نے اس مسئلہ پر پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد اعلان کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس کو کامیابی سے روکنے کیلئے کانگریس اور سی پی آئی اتحاد کو مضبوطی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔1/k/m/b