میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی کانگریس میں شامل

   

دیپاداس منشی کی موجودگی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پارٹی میں خیرمقدم کیا

حیدرآباد ۔ 30 مارچ (سیاست نیوز) میئر حیدرآباد گدوال وجیہ لکشمی نے آج تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج دیپاداس منشی اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ چیف منسٹر نے میئر حیدرباد کو کانگریس پارٹی کا کھنڈوا پہناتے ہوئے کانگریس پارٹی میں خیرمقدم کیا۔ میئر کے ساتھ ان کے بھائی وینکٹ نے بھی کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ واضح رہیکہ ان کے والد بی آر ایس کے سکریٹری جنرل و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشوراؤ نے بی آر ایس سے مستعفی ہوکر کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم وہ سونیا گاندھی یا راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے اس سلسلہ میں کانگریس پارٹی ہائی کمان سے رابطہ پیدا کیا گیا ہے۔ سونیا گاندھی یا راہول گاندھی کا وقت ملنے کے بعد دہلی میں کیشوراؤ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ بتایا جارہا ہیکہ دہلی میں وقت نہ ملنے پر 6 اپریل کو کانگریس پارٹی تکوگوڑہ میں ایک جلسہ عام کا انعقاد کررہی ہے جس میں راہول گاندھی اور کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے شرکت کررہے ہیں۔ اس جلسہ عام میں کیشوراؤ کے علاوہ دوسرے قائدین کے کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کے امکانات ہیں۔ بتایا جارہا ہیکہ بی آر ایس اور بی جے پی کے کئی قائدین کانگریس سے رابطہ میں ہے، سب کو ایک ساتھ کانگریس پارٹی میں شامل کرنے پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔2