میانمار کے اسکام سنٹرز سے 14 پاکستانی رمضان سے پہلے وطن واپسی کے منتظر

   

میواڈی: میانمار کے سرحدی علاقے میواڈی میں ہزاروں نوجوان سخت گرمی اور مچھروں سے بھرے کھلے حراستی مراکز میں پھنسے ہوئے ہیں، جہاں وہ اپنے ملک واپس جانے کے منتظر ہیں۔ میانمار کے مختلف اسکام سینٹرز سے 7,000 سے زائد افراد کو بازیاب کرایا گیا ہے، جن میں 14 پاکستانی بھی شامل ہیں۔ تاہم ان افراد کی واپسی کے عمل میں تاخیر ہو رہی ہے، جس پر متاثرین شدید مایوس ہیں۔ایک پاکستانی نوجوان، جو رمضان سے پہلے پاکستان واپس آنا چاہتا ہے، نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ اب ہم محفوظ ہیں، لیکن آٹھ دن گزر چکے ہیں، ہمیں ابھی تک تھائی لینڈ کیوں نہیں بھیجا جارہا؟ حراستی مرکز میں حالات انتہائی خراب ہیں، جہاں نہ مناسب صفائی ہے اور نہ ہی بنیادی سہولیات موجود ہیں۔
ایک 18 سالہ ملائیشین نوجوان نے بتایا کہ یہاں کے واش روم اور غسل خانے اتنے گندے ہیں کہ ان کا استعمال ناممکن ہو چکا ہے۔چین سے تعلق رکھنے والے ایک قیدی وانگ نے کہا، “مجھے خوشی ہے کہ میں آخر کار اس جہنم سے نکلنے والا ہوں… چین سب سے محفوظ جگہ ہے۔”