حیدرآباد۔ /10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) میاں بیوی کے درمیان پڑوسی کی مداخلت شوہر کی خودکشی کا سبب بن گئی۔ پہاڑی شریف پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 40 سالہ وجئے سمہا ریڈی نے خودکشی کرلی۔ ریڈی سافٹ ویر ملازم تھا جو ایچ سی ایل میں کام کرتا تھا اور بالا پور کے علاقہ میں رہتا تھا۔ سمہا ریڈی کی شادی 10 سال قبل شلپا سے ہوئی تھی ۔ گذشتہ چند دنوں سے شلپا اور وجئے سمہا ریڈی میں نجی اور گھریلو معاملات میں تناؤ پیدا ہوگیا تھا جس کی اصل وجہ ان کا پڑوسی پرشانت بتایا جارہا ہے ۔ ان دونوں کے درمیان معاملات میں پرشانت مداخلت کرتا تھا۔ چند روز قبل شلپا اپنے مائیکے چلی گئی اور گھر میں ریڈی اکیلا تھا اس نے اپنے چہرے کو پلاسٹک کور سے ڈھانک کر گیس سلینڈر کے پائپ کے ذریعہ خودکشی کرلی۔ پولیس نے بتایا کہ وجئے سمہا ریڈی کے والد کی شکایت پر پرشانت کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔