میاں پور کا نام تبدیل ‘ اب رویندر نگر کہلائے گا ‘ چیف منسٹر یو پی کا اعلان

   

نئی دہلی 11 اپریل ( یجنسیز) چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے یوپی ضلع لکھیم پور کھیری میں ایک اور گاؤں کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا اور میاں پور کو اب ‘رویندر نگرکے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے ایک جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ آدتیہ ناتھ نے کہا کہ میاں پور گاؤں کو اب گرودیو کے نام پر رویندر نگر کے طور پر جانا جائے گا۔ انہوں نے سابقہ حکومتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے گاؤں کے نام شناخت چھپانے رکھے گئے تھے، جبکہ حقیقت میں وہاں ایسا کوئی پس منظر موجود نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 331 ہندو بنگلہ دیشی خاندانوں کو سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور ڈبل انجن حکومت میں تمام طبقات کو ترقی کے مواقع ملے ہیں۔ انہوں نے پاکستان پر تنقید کی اور کہا کہ 1971 کے بعد بھی حالات میں بہتری نہیں آئی اور وہاں اقلیتوں، خاص طور پر ہندوؤں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان مستقبل میں مزید تقسیم کا شکار ہو سکتا ہے۔ لکھیم پور کھیری کے دورہ کے موقع پر آدتیہ ناتھ نے مجموعی طور پر 213 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے سماجوادی پارٹی اور کانگریس پارٹی کو بھی ہدف تنقید بنایا ۔