بیاٹنگ اور فیلڈنگ کی طرح عوام کی خدمت کروں گا، جوبلی ہلز سے پارٹی ٹکٹ ملنے پر کانگریس ہائی کمان سے اظہار تشکر، عوام میں جوش و خروش
حیدرآباد۔/29 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کرکٹ کے میدان میں بیاٹنگ اور فیلڈنگ کے اپنے شاندار جوہر دکھانے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے کانگریس کے ٹکٹ پر حیدرآباد کے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ سے اپنی نئی سیاسی اننگز کا آغاز کیا ہے اور وہ کرکٹ کے میدان کی طرح سیاسی میدان میں بھی عوام کی خدمت اور علاقہ کی ترقی میں اپنے فن اور کمالات کے مظاہرہ کا عزم رکھتے ہیں۔ محمد اظہر الدین جو 2009 میں اتر پردیش کے مرادآباد لوک سبھا حلقہ سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کانگریس کے پلیٹ فارم سے اپنی سیاسی اننگز کا آغاز کیا تھا وہ اب اپنے آبائی مقام حیدرآباد میں اپنی قسمت آزمائیں گے۔ پارٹی کی جانب سے امیدواری کے اعلان کے بعد اظہر الدین نے رائے دہندوں کو بھروسہ دلایا کہ کرکٹ کے میدان کی طرح وہ عوامی خدمت کے شعبہ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کرکٹ کی طرح رائے دہندوں کا دل جیت لیں گے۔ محمد اظہر الدین کو دنیائے کرکٹ اُن کی غیر معمولی بلے بازی اور اسٹائلش شارٹس سے ہمیشہ یاد رکھے گی اور وہ ایک بہترین فیلڈر کے طور پر بھی اپنی شناخت رکھتے ہیں۔ کانگریس سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کرنے والے محمد اظہر الدین کو 2014 اسمبلی انتخابات میں راجستھان کے ٹونک سوائی مادھو پور حلقہ سے شکست ہوئی تھی جس کے بعد سے انہوں نے سیاسی سرگرمیوں میں کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھائی اور گذشتہ چند برسوں میں تلنگانہ کی سیاست میں خود کو مشغول کرلیا۔ کانگریس ہائی کمان نے محمد اظہر الدین کو پردیش کانگریس کمیٹی کا ورکنگ پریسیڈنٹ مقرر کیا ہے۔ اسمبلی انتخابات میں حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے تحت اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز سے پارٹی نے انہیں امیدوار بنایا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ وہ برسراقتدار بی آر ایس سے یہ نشست چھین لیں گے۔ محمد اظہر الدین نے کہا کہ وہ مدھیہ پردیش اور اتر پردیش میں سیاسی سرگرمیوں کے بعد اپنی آبائی ریاست تلنگانہ کے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ہائی کمان نے آبائی ریاست میں مقابلہ کیلئے ٹکٹ الاٹ کیا ہے جس کے لئے میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کرتا ہوں۔ انشاء اللہ میں کامیابی کیلئے حتی المقدور مساعی کروں گا۔ اظہر الدین کرکٹ کیریئر میں 99 ٹسٹ میاچس اور 334 ون ڈے انٹر نیشنل میاچس کھیلنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی لہر صاف طور پر دیکھی جاسکتی ہے اور اسمبلی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ اظہر الدین نے کہا کہ یہ کانگریس کے اقتدار کیلئے بہتر موقع ہے اور پارٹی نے موزوں امیدواروں کو میدان میں اُتارا ہے۔ کانگریس قائدین عوام کیلئے محنت کررہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پارٹی برسراقتدار آئے۔ انہوں نے کہا کہ صرف چند شہری علاقوں میں ترقی کو ریاست کی مجموعی ترقی نہیں کہا جاسکتا۔ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ عوام سے جن 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے اس پر برسراقتدار آنے کے بعد عمل آوری کی جائے گی اور ان ضمانتوں کے ذریعہ سماج کے تمام طبقات کی یکساں ترقی ممکن ہے۔ 2009 میں مرادآباد سے کانگریس کا ٹکٹ ملنے کے بعد سے اظہر الدین پارٹی کے ساتھ وابستہ رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابتداء سے ہی ان کی وفاداری اور وابستگی نے ٹکٹ کے الاٹمنٹ میں اہم رول ادا کیا ہے۔ میرا یہ احساس ہے کہ اگر کسی نے آپ کو موقع دیا تو پھر ہمیں وفاداری کے ساتھ کام کرنا چاہیئے اور یہی سیاسی میدان میں ترقی کی اہم کلید ثابت ہوتی ہے۔ 60 سالہ محمد اظہر الدین نے اپنے کرکٹ کیریئر کے کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے پہلے 3 میاچس میں مسلسل 3 سنچریاں بناتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا تو مجھے کئی مواقع کا پیشکش کیا گیا اور روزگارکی بھی پیشکش کی گئی۔ جب میں کچھ نہیں تھا تو بینک نے مجھے ضرورت کے عین مطابق روزگار فراہم کیا تھا اور میں نے ریکارڈ قائم کرنے کے بعد بھی بینک سے اپنی وابستگی کو برقرار رکھا ہے۔ ٹھیک اسی طرح کانگریس پارٹی نے مجھے موقع دیا ہے اور میں دو الیکشن لڑ چکا ہوں، مجھے وفادار رہنا چاہیئے کیونکہ سیاست میں وفاداری ہی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ بسااوقات حالات ہماری مرضی کے مطابق نہیں ہوتے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ قدرت بھی ہمارے خلاف ہے۔ قدرت کے فیصلے بھی زندگی میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ اظہر الدین نے کہا کہ بی آر ایس کی کارکردگی کو عوام دیکھ رہے ہیں اور کانگریس پارٹی نے سابق میں بی آر ایس سے زیادہ جو کام کئے وہ بھی عوام کے سامنے ہیں۔ آزادی کے بعد سے ملک میں جو بھی ترقی ہوئی وہ کانگریس کی دین ہے۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ کو ترقی دے گی اور خاص طور پر وہ ان شعبہ جات میں جہاں ترقی کی ضرورت ہے۔ اظہر الدین نے کہا کہ سماج میں دولت مند افراد مزید دولت مند اور غریب اور زیادہ غریب بن رہے ہیں لہذا ہر کسی کے ساتھ انصاف ہونا چاہیئے۔ عوام تبدیلی اور ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی کیلئے حکومت نے سوائے زبانی دعوؤں کے کچھ نہیں کیا۔ پسماندہ طبقات کی ترقی کو بھی نظرانداز کردیا گیا۔ اظہر الدین نے یقین ظاہر کیا کہ جوبلی ہلز کے عوام انہیں ضرور کامیاب کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب کبھی وہ عوام کے درمیان گئے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ جوبلی ہلز میں کئی علاقے ترقی میں پیچھے ہیں۔ مقامی کانگریس کیڈر سخت محنت کررہا ہے۔ انتخابی مہم میں عوام کو کانگریس کی 6 ضمانتوں سے واقف کرایا جائے گا۔ اظہر الدین نے کہا کہ وہ اپنی آبائی ریاست کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ عوام کی زندگی میں ترقی اور فلاح و بہبود شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے میدان کی طرح وہ انتخابی مہم بھی جارحانہ انداز میں چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ میدان سے باہر ہوں تو آپ کو ہر چیز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میں عوام کا دل جیتنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں سیاسی میدان میں فیلڈنگ بہتر طور پر کرتے ہوئے بازی مارنے کی کوشش کروں گا۔ اظہر الدین کا مقابلہ بی آر ایس کے سیٹنگ ایم ایل اے ایم گوپی ناتھ سے ہے۔