سپریم کورٹ میں فوری اپیل کی ضرورت
حیدرآباد ۔5 ۔ جنوری (سیاست نیوز) میدک ضلع کے شیوم پیٹ منڈل میں 554.28 ایکر وقف اراضی کے خلاف ہائیکورٹ کے سنگل اور ڈیویژن بنچ کے فیصلوں پر سپریم کورٹ میں فوری اپیل کی ضرورت ہے۔ میدک کی قیمتی وقف اراضی کے گزٹ کو چیلنج کرتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ میں رٹ درخواست داخل کی گئی جس میں کہا گیا کہ اراضی کا سروے 1963 میں وقف ایکٹ کے تحت کیا گیا تھا جبکہ 1995 میں گزٹ جاری کیا گیا ۔ اے پی گزٹ مورخہ 15 نومبر 2001 کے سیریل نمبر 18333 کے تحت وقف اراضی درج ہے۔ ہائیکورٹ کے سنگل جج نے نومبر 2001 میں تکنیکی بنیادوں پر وقف بورڈ کے گزٹ کو کالعدم کردیا تھا۔ سنگل جج کے فیصلہ کے خلاف وقف بورڈ نے ڈیویژن بنچ پر اپیل کی اور 4 ڈسمبر 2023 کو ڈیویژن بنچ نے اپیل مسترد کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلہ کو برقرار رکھا۔ تلنگانہ میں وقف کی قیمتی اراضیات کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے اور میدک کی 554 ایکر قیمتی اراضی کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ سپریم کورٹ میں خصوصی درخواست داخل کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلہ پر حکم التواء حاصل کیا جائے۔ اس بات کا اندیشہ ہے کہ ہائی کورٹ کے احکامات کی آڑ میں دیگر اوقافی جائیدادوں کو خطرہ لاحق ہوجائے گا۔ گزٹ میں شامل جائیدادوں کو غیر اوقافی قرار دینے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ تلنگانہ حکومت کو چاہئے کہ وہ میدک میں وقف اراضی سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوں۔ 1