حیدرآباد۔ 14 جون (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ میرپیٹ میں ہفتہ کی رات دیر گئے پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں 3 افراد بشمول 2 آٹو ڈرائیورس برسرموقع ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق 45 سالہ سباوت سنیل جو آٹو ڈرائیور ہے اور آدتیہ نگر گرم گوڑہ کا ساکن ہے، ہفتہ کی شام اس کا آٹو خراب ہونے کے نتیجہ میں اس نے مندا ملما کراس روڈ، ساگر ہائی وے پر آٹو پارک کرکے اپنے ایک ساتھی آٹو ڈرائیور 26 سالہ سباوت پرساد کو وہاں مدد کیلئے طلب کیا۔ دونوں نے ایک اور آٹو ڈرائیور سباوت سنتوش کو طلب کرکے وہاں سے خراب آٹو منتقل کرنے کا منصوبہ بنارہے تھے کہ جی ایچ ایم سی ٹپر گاڑی جو انتہائی تیز رفتاری سے آرہی تھی، نے ان دونوں کو ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں تینوں آٹو ڈرائیور ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور جی ایچ ایم سی ٹپر کے ڈرائیور جے سریش کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔بJM