میرے بیٹے کو مقامی لیڈر کی ایماء پر قتل کیا گیا :کملیش تیواری کی والدہ

,

   

لکھنؤ ۔ /20 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں ہندوتوا لیڈر کملیش تیواری کی والدہ نے لکھنؤ میں کہا کہ میرے بیٹے کو مقامی سیاستدانوں کی ایماء پر قتل کیا گیا ہے ۔ اراضی کے تنازعہ کے باعث ان کی جان لی گئی ۔ ان کے فرزند ستیم تیواری نے کہا کہ وہ کسی پر بھروسہ نہیں کرسکتے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ اس کیس کی تحقیقات قومی تحقیقاتی ایجنسی کے ذریعہ کروائی جائے ۔ مقتول کملیش تیواری کی والدہ کسم تیواری نے کہا کہ میرے بیٹے کے قتل کے بعد مجھ سے کسی نے یہ نہیں پوچھا کہ میں کیا محسوس کررہی ہوں اور کس پر شک کررہی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ (مقامی سیاستداں )میرے بیٹے کا قاتل ہے ۔ وہ لینڈ مافیا ہے ۔ مندر کی زمین پر ایک تنازعہ پیدا ہوا تھا ۔جب اخباری نمائندوں نے اترپردیش کے پولیس سربراہ او پی سنگھ سے کسم تیواری کے ان الزامات کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے تبصرے سے انکار کیا ۔ مقتول کے فرزند ستیم تیواری نے کہا کہ ہم اس کیس کی تحقیقات این آئی ایجنسی سے کروانا چاہتے ہیں ۔ ہم کسی پر بھروسہ نہیں کرسکتے ۔ میرے والد کی سکیورٹی کو ہٹالیا گیا ۔ 46 سالہ کملیش تیواری ہندو سماج پارٹی کے لیڈر تھے ۔ انہیں کئی گولیاں مارنے کے بعد ان کا گلا کاٹ دیا گیا تھا ۔ اس سلسلے میں 5 افر اد کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم کملیش کی والدہ کے الزامات کے بعد اس قتل کے اصل ملزم تک پہونچنا پولیس کی ذمہ داری ہے ۔