میلادالنبیؐ پر خرافات سے بچنے کی اپیل

   

ممبئی : عید میلادالنبیؐ کے موقع پر ’’محمدؐ سب کیلئے ‘‘ مہم کے دوران آج شام جنوبی ممبئی میں اسلام جمخانہ میں علمائے اکرام اور معززین نے مکمل تعاون کا یقین دلایااور مسلمانوں سے اپیل کی کہ غیر مسلم بھائیوں کو اسلامی تعلیمات اور سیرت النبی سے مطلع کیا جائے اور اس میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔اس موقع پر مولانا حضرت معین الدین اشرف مثنیٰ میاں نے کہاکہ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس موقع پر نکالے جانے والے جلوسوں میں مکمل طورپر خرافات کو ختم کرنا اور اس مہم کو سختی سے نافذ کیا جائے گا۔انہوں نے واضح طور پر کہاکہ محکمہ پولیس اور انتظامیہ کو بتایا گیا ہے کہ ڈی جے بجانے اور ناچ گانے کا تعلق اسلام سے نہیں ہے اورپولیس اگر چاہے توقانونی طورپر اپنا کام کرسکتی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ علمائے کرام ممبر سے اتر کر عام لوگوں میں آئیں اور نوجوانوں کو مسجد کی جانب راغب کیا جائے ۔تاکہ۔نمازیں قائم کریں اور معاشرے کو خرافات سے پاک کیا جائے ۔دعوت اسلامی کے سربراہ مولانا شاکر نوری نے سیرت النبی پر مفصل خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک انگریز مصنف نے برسوں تحقیقات کے بعد ایک کتاب لکھی ،جس میں سو شخصیات کو شامل کیا گیا اور آپ ؐ کو پہلا نمبر دیا گیا ہے ۔