تنظیمی اور نامزد عہدوں پر تقررات کا جائزہ، اندرون دو یوم احکامات کی اجرائی کا امکان
حیدرآباد ۔15۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی سے آج انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ملاقات کی۔ تقریباً 4 گھنٹے تک جاری رہی اس ملاقات میں ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال تنظیمی سطح پر تقررات اور نامزد عہدوں پر تقررات کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس میں پارٹی کے اہم تنظیمی عہدوں ورکنگ پریسیڈنٹ اور ریاستی عاملہ کے عہدیداروں کے ناموں کو قطعیت دی گئی۔ حکومت کی تشکیل کے بعد 37 سے زائد کارپوریشنوں اور بورڈس پر تقررات کئے گئے تھے جن کی میعاد مکمل ہوچکی ہے۔ ان عہدوں پر تقررات کے لئے قائدین کے ناموں کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تینوں قائدین نے ناموں کو قطعیت دی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دو دنوں میں احکامات جاری کئے جائیں گے۔ اجلاس میں سینئر لیڈر جیون ریڈی کی بی آر ایس میں شمولیت کے فیصلہ سے کانگریس پر منفی اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جیون ریڈی کو پارٹی میں مکمل احترام کیا گیا ، باوجود اس کے انہوں نے کارکنوں کو دھوکہ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسمبلی اور لوک سبھا حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کا جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے اسمبلی اور لوک سبھا حلقہ جات کی تعداد میں جنوبی ریاستوں سے ناانصافی کی تفصیلات پیش کیں۔ گزشتہ ڈھائی برسوں سے نامزد عہدوں کے منتظر ایسے قائدین کی فہرست تیار کی گئی جنہوں نے پنچایت راج اور مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں پارٹی کی سطح پر پولیٹکل افیرس کمیٹی کی تشکیل کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ میں امکانی توسیع اور ضلع کانگریس کمیٹیوں کی تشکیل پر بھی بات چیت ہوئی ۔m/b/1/k