میونسپلٹی اور کارپوریشن میں شکست پر وزارت سے محرومی

   

وزراء کو کے سی آر کی وارننگ، آپسی اختلافات ختم کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔/4 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاستی وزراء کو سخت وارننگ دی اور کہا کہ اگر ایک بھی میونسپلٹی اور کارپوریشن میں ٹی آر ایس کو شکست ہوگی تو وہ وزارت سے محروم ہوسکتے ہیں۔ پارٹی کے آج منعقدہ توسیعی اجلاس میں کے سی آر نے یہ وارننگ دی اورکہا کہ عوامی نمائندوں اور وزراء کو پارٹی کی کامیابی کیلئے متحدہ طور پر کوشش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں لیکن سروے کے مطابق نتائج کو یقینی بنانا وزراء اور عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کی تقسیم اور باغی قائدین کو منانے کی ذمہ داری ارکان اسمبلی پر عائد ہوگی۔ سیشن کے پہلے مرحلہ میں تقریباً ڈھائی گھنٹوں تک اجلاس منعقد ہوا جس میں بلدی انتخابات کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ وزراء، ارکان اسمبلی اور اہم قائدین نے مختلف تجاویز پیش کیں۔ کے سی آر نے واضح کردیا کہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ انہوں نے بعض قائدین کے درمیان اختلافات پر ناراضگی جتائی اور اس بارے میں وزراء سے استفسارات کئے۔ انہوں نے ریاستی وزیر ملاریڈی اور رکن اسمبلی سدھیر ریڈی کے درمیان اختلافات کے بارے میں سوال کیا اور مسئلہ کی فوری یکسوئی کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے سدھیر ریڈی سے فون پر بات کی اور اختلافات کی یکسوئی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے میڑچل میں انتخابی مہم کے دوران پیش آئے واقعہ کے بارے میں سدھیر ریڈی سے معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر کی وارننگ سے وزراء اور ارکان اسمبلی میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ وزراء نے اجلاس کے بعد اپنے اپنے ضلع کے قائدین سے ربط قائم کیا اور اطلاع دی کہ بہت جلد وہ ضلع میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابات کی تکمیل تک قیام کریں گے۔