کشن باغ اور مہدی پٹنم میں افراتفری کا ماحول ، ایک شخص زخمی ، فائر انجنوں نے فوری آگ پر قابو پالیا
حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شہر میں مہیب آتشزدگی کے دو واقعات پیش آئے جس میں لاکھوں روپئے کا مال جلکر خاکستر ہوگیا۔ پہلا واقعہ کشن باغ علاقہ میں اس وقت پیش آیا جب میٹریس کے گودام میں اچانک آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی افراد میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا اور فوری پولیس کنٹرول روم کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا گیا اور کچھ ہی دیر میں چندو لال بارہ دری سے وابستہ فائر انجن عملے نے جائے حادثہ پر پہنچ کر راحت کاری کے اقدامات شروع کردیئے۔ اسی طرح بہادر پورہ پولیس کی ایک ٹیم بھی وہاں پہنچ گئی اور میٹریس کے گودام میں آگ لگنے کے منظر کو دیکھنے کیلئے موجود ہجوم کو منتشر کردیا۔ تقریباً تین گھنٹوں تک آگ پر قابو پانے کا کام جاری رہا اور مزید دو فائر انجنوں کو بھی وہاں طلب کرلیا گیا۔ پولیس بہادر پورہ کو شبہ ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہوگا۔ اسی طرح علاقہ مہدی پٹنم میں بھی ایک ہوٹل میں گیس سلینڈر پھٹ پڑنے سے وہاں آگ لگ گئی جبکہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ واقعہ کنگس ہوٹل کے باورچی خانہ میں آج دوپہر پیش آیا اور دھماکہ کی شدت سے ہوٹل کی دیواریں ٹوٹ گئیں اور دیواروں میں شگاف پڑ گئے۔ مصروف ترین مہدی پٹنم علاقہ میں یہ حادثہ پیش آنے کے نتیجہ میں وہاں سنسنی پھیل گئی اور فوری فائر انجن عملہ وہاں پہنچ گیا۔ اسمبلی کے فائر اسٹیشن سے وابستہ فائر انجن فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور تقریباً ایک گھنٹہ میں آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس حادثہ میں 30 سالہ محمد فیاض جو وہاںکا ملازم بتایا جاتا ہے اسے دواخانہ علاج کیلئے منتقل کیا گیا۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہوٹل میں کثیر تعداد میں گاہک موجود تھے اور دھماکہ کے بعد وہاں سے افراتفری کے ماحول میں روانہ ہوگئے۔ دونوں واقعات میں پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ب