حیدرآباد۔11۔نومبر(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات میں اچانک خلل نے مسافرین کو حیرت و پریشانی میں مبتلاء کردیا اور میٹروریل حکام کی جانب سے اس پر کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔جمعہ کی صبح جب میٹرو ریل کی خدمات معمول کے مطابق شروع ہوئی تو بعض مقامات پر ریل اچانک رک گئی اور مسافرین میں تشویش کی لہر دوڑگئی ۔ مسافرین کی جانب سے مسلسل سوشل میڈیا کے ذریعہ استفسار کیا جاتا رہا لیکن میٹرو ریل حکام نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔بتایاجاتا ہے کہ تکنیکی خرابی کے سبب میاں پور تا ایل بی نگر راہداری پر اچانک ریل رک گئی لیکن عہدیداروں کی جانب سے اس پر کوئی وضاحت نہیں کی گئی بلکہ اس کو نظرانداز کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق حیدرآباد میٹرو ریل مسافرین نے آج صبح اچانک سفر میں خلل کے متعلق نہ صرف سوشل میڈیا کے ذریعہ حکام سے استفسار کیا بلکہ میٹرواسٹیشن عملہ سے بھی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہیں کوئی مناسب جواب نہیں دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ایل بی نگر۔میاں پور راہداری پر صبح کی اولین ساعتوں میں بیشتر ٹرینیں اچانک بند ہوگئیں اور کچھ دیر کیلئے تکنیکی خرابی سے مسافرین کو حیرت و پریشانی کے عالم میں ایک دوسرے سے اس سے متعلق دریافت کرتے دیکھا گیا۔بعد ازاں مسافرین نے بتایا کہ اس راہداری پر ایسا پہلی بار نہیں ہوا بلکہ کئی مرتبہ ٹرین کے رک جانے کے واقعات پیش آچکے ہیں لیکن ہر مرتبہ حکام اسے تکنیکی خرابی قرار دے کر نظرانداز کرتے ہیں ۔مسافرین کا کہنا ہے کہ خرابی کو دور کرنے حکام کو مستقل اقدامات کرنے چاہئے ۔