میگا ڈی ایس سی کے تحت 11,062 جائیدادوں پر تقررات

   

محکمہ فینانس نے مزید 5973 جائیدادوں کو منظوری دی ۔عنقریب اعلامیہ
حیدرآباد : /27 فبروری (سیاست نیوز) حکومت نے ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادوںپر تقررات کا اہم فیصلہ کیا ہے ۔ ڈی ایس سی کے ذریعہ بھرتی کئے جانے والے ٹیچرس کی جائیدادوں کی تعداد میں مزید 5973 جائیدادوں کا اضافہ کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ محکمہ فینانس نے ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے دو علحدہ جی اوز جاری کیا ہے ۔ جی او 27 کے ذریعہ 4957 جائیدادوں پر تقررات اور 1016 اسپیشل ایجوکیشن ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے جی او 26 کو محکمہ فینانس نے جاری کیا ہے ۔ ماضی میں کے سی آر حکومت نے 5089 ٹیچرس جائیدادوں کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ۔ ان جائیدادوں کیلئے 1.77 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھی ۔ ریاست میں کانگریس کی نئی حکومت نے ڈی ایس سی کے انعقاد پر خصوصی توجہ مرکوز کردی ہے ۔ کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں میگا ڈی ایس سی کا انعقاد کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ حصول اقتدار کے بعد حکومت نے ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے خصوصی توجہ دی ہے ۔ جس سے ٹیچرس کی جائیدادوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ اس پس منظر میں محکمہ تعلیم نے 5973 ٹیچرس کے تقررات کیلئے حکومت کو تجاویز روانہ کی تھی ۔ محکمہ فینانس نے اس کو منظوری دے دی ہے ۔ جس سے ماضی میں جاری کردہ نوٹیفکیشن اور محکمہ فینانس کی تازہ منظوری کو شمار کرلیں تو ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادیں 11062 تک ہو گئی ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ محکمہ فینانس آئندہ دو یا تین دن میں نئے ڈی ایس سی کیلئے نوٹیفیکیشن جاری کرے گی ۔ تازہ معلومات کے مطابق ان جائیدادوں میں 6500 سے زیادہ سیکنڈری گریڈ ٹیچر (ایس جی ٹی) اسکول اسسٹنٹ (ایس اے) کی 2600 پنڈت کی 700 اور پی ای ٹیز کی 190 جائیدادیں شامل ہیں ۔ 2