’’میں آدتیہ ناتھ کا باپ ہوں ‘‘ باٹلہ ہاؤز کیس پر بحث کیلئے سلمان خورشید کا چیلنج

,

   

فرخ آباد(یوپی) ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے آج ایک مشہور ہندی فلم کے مکالمے کو دہراتے ہوئے اپنے آپ کو چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کا باپ کہا اور چیلنج کیا کہ ہمت ہو تو وہ 2008ء کے باٹلہ ہاؤز انکاؤنٹر پر مباحثہ کیلئے آئے اور وہ بھی گاؤ شالہ کے اندر۔ سلمان خورشید جو حلقہ لوک سبھا فرخ آباد کے کانگریس امیدوار ہیں، کہا کہ اس انکاؤنٹر کے بارے میں جب کبھی بھی اور جہاں کہیں بھی کہے، میں آنے تیار ہوں اور بہتر ہے کہ یہ مباحثہ گاؤ شالہ میں منعقد ہو تاکہ پتہ چلے کہ گائے ان کے ساتھ ہے یا پھر میرے ساتھ۔66 سالہ قانون داں و لیڈر نے بے باک انداز میں کہا کہ ’’یوگی جی سے کہہ دو کہ رشتہ میں تو مَیں ان کا باپ لگتا ہوں‘‘۔ وہ دراصل فرخ آباد حلقہ کے علاقہ محمدآباد میں یوگی آدتیہ ناتھ کی ایک انتخابی ریالی میں کئے گئے ریمارکس پر تبصرہ کررہے تھے۔ یوگی نے الزام لگایا تھا کہ باٹلہ ہاؤز انکاؤنٹر جیسے واقعات صرف کانگریس کے دور میں ہی ہوئے ہیں۔ سلمان خورشید کا بیان دراصل فلم ’’شہنشاہ‘‘ کا امیتابھ بچن کا کہا ہوا مشہور ڈائیلاگ ہے۔