نئی دہلی، 21 جولائی (یواین آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے طلبہ پر پولیس کے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے استعمال کے احتجاج میں اپنی سالگرہ نہ منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے منگل کو کہا کہ آج جشن کا نہیں، بلکہ جوابدہی طے کرنے کا دن ہے ۔کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کل ملک نے طلبہ کے پرامن جمہوری مظاہرے پر لاٹھی چارج، آنسو گیس کے گولے اور سرکاری جبر دیکھا۔ انصاف کا مطالبہ کرنے والے طلبہ کی آواز کا جواب حکومت نے طاقت کے استعمال سے دیا، جمہوریت میں ایسا نہیں ہونا چاہیے ۔کانگریس صدر نے کہا کہ ان حالات میں انہوں نے اپنی سالگرہ نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی سالگرہ کی مبارکباد دینے والے کانگریس لیڈروں، کارکنوں، حامیوں، خیر خواہوں اور تمام شہریوں کا شکریہ ادا کیا۔کھرگے نے کہا کہ حکومت کو بتانا چاہیے کہ طلبہ کے انصاف کے مطالبے کا جواب لاٹھیوں اور آنسو گیس سے کیوں دیا گیا، پارلیمنٹ کو تقریباً سیل کیوں کیا گیا اور انٹرنیٹ سروسز کیوں بند کی گئیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ بار بار ہونے والے پیپر لیک اور لاکھوں نوجوانوں کی تکلیف کی ذمہ داری کون لے گا۔